مکہ مکرمہ میں صفائی سے متعلق ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے جس میں ایک ایشیائی شخص ٹیکسی میں بیٹھ کر مالٹا کھانے کے بعد اس کے چھلکے سڑک پر پھینکتا دکھائی دیتا ہے۔
قریب موجود ایک عمرہ زائر نے یہ منظر دیکھا تو زمین پر پڑے چھلکے اٹھا کر اسے واپس دے دیے اور عوامی مقام پر کچرا نہ پھینکنے کی تلقین کی۔ تاہم شخص نے چھلکے دوبارہ زمین پر پھینک دیے جس پر زائر نے ایک بار پھر انہیں اٹھایا اور اس کے ہاتھ میں تھما دیے۔
واقعے کی ویڈیو وہاں موجود ایک شخص نے موبائل فون سے بنا لی جو بعد میں سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی۔ ویڈیو پر صارفین نے عمرہ زائر کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ مکہ مکرمہ سمیت ہر عوامی مقام پر صفائی برقرار رکھنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے لوگوں پر زور دیا کہ کھانے پینے کی اشیا کے چھلکے یا دیگر کچرا سڑکوں اور عوامی مقامات پر پھینکنے سے گریز کیا جائے۔