امریکا کی قدیم ترین ڈکشنری ’میریم ویبسٹر‘ میں 1400 نئے الفاظ اور معانی شامل کرلیے گئے۔میریم ویبسٹر کے مطابق نئے الفاظ ایسے الفاظ اور اصطلاحات پر مشتمل ہیں جو وقت کے ساتھ عام استعمال میں آچکے ہیں اور آج کی دنیا کی عکاسی کرتے ہیں۔
نئے الفاظ میں چینی کھانوں میں مقبول چلی کرسپ (chili crisp) یک طرفہ مداحتی تعلق کے لیے پیرا سوشل (parasocial)، گردن تک محدود داڑھی کے لیے نیک بیئرڈ (neck beard) اور سردیوں سے قبل شریکِ حیات یا محبوب کی تلاش کے موسم کے لیے کفنگ سیزن (cuffing season) شامل ہیں۔
کھانے پینے سے متعلق نئے الفاظ میں غذائیت سے بھرپور خوراک کے لیے سپر فوڈ (superfood)، ایشیائی بھری ہوئی روٹی یا بن کے لیے باؤ (bao) اور ڈنڈی پر لگے کیک اور آئسنگ سے تیار میٹھے کے لیے کیک پاپ (cake pop) شامل ہیں۔
ڈکشنری میں ویک اے مول (whack-a-mole) بھی شامل کیا گیا ہے، جو ایسی صورتحال کے لیے استعمال ہوتا ہے جہاں ایک مسئلہ حل ہوتے ہی اسی نوعیت کا دوسرا مسئلہ سامنے آجائے۔
اسی طرح منڈیلا ایفیکٹ (Mandela effect) سے مراد اجتماعی طور پر ایک ہی غلط یادداشت کا ہونا ہے۔
میریم ویبسٹر کے مطابق کچھ نئی اصطلاحات امریکی معاشرے سے بھی متعلق ہیں، جن میں کیلیفورنیا سوبر (California sober) شامل ہے۔
ڈکشنری کی جانب سے آئندہ چند ماہ میں 2026 کا ’ورڈ آف دی ایئر‘ بھی منتخب کیے جانے کا امکان ہے۔ 2025 میں سلوپ (slop) کو سال کا لفظ قرار دیا گیا تھا جس کے معنی میں کم معیار کے ایسے ڈیجیٹل مواد کو بھی شامل کیا گیا جو عموماً مصنوعی ذہانت کے ذریعے بڑی مقدار میں تیار کیا جاتا ہے۔