کیمرون کی فزکس کی طالبہ نے ایسا تھرمل کوکنگ بیگ تیار کیا ہے جس میں ابتدائی طور پر چند منٹ گرم کرنے کے بعد کھانا بغیر گیس یا بجلی کے پکایا جاسکتا ہے۔
یہ بیگ حرارت روکنے والے مٹیریل سے تیار کیا گیا ہے اور سلو کُکر کی طرح کام کرتا ہے۔ کھانا پکانے کے لیے پتیلی کو ابتدا میں تقریباً 5 سے 10 منٹ تک چولہے پر اُبالا جاتا ہے جس کے بعد ڈھکن سمیت پتیلی کو تھرمل بیگ میں رکھ کر اسے اچھی طرح بند کردیا جاتا ہے۔
بیگ میں موجود حرارت روکنے والا مٹیریل پتیلی کی اندرونی حرارت کو برقرار رکھتی ہے جس سے کھانا کئی گھنٹوں تک آہستہ آہستہ پکتا رہتا ہے۔ یہ طریقہ چاول، دال اور گوشت گلانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے جبکہ سوپ کو تقریباً 10 منٹ اُبالنے کے بعد بیگ میں رکھنے سے لگ بھگ 20 منٹ میں تیار کیا جاسکتا ہے۔
اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے کھانا پکانے کے لیے ایندھن کی کھپت میں 70 فیصد تک کمی کا دعویٰ کیا گیا ہے جس سے لکڑی کے استعمال اور درختوں کی کٹائی کم کرنے کے ساتھ ساتھ دھوئیں سے ہونے والے نقصان کو بھی کم کیا جاسکتا ہے۔
کیمرون کی مقامی مارکیٹوں میں اس طرح کے 2 ہزار سے زائد تھرمل کوکنگ بیگ فروخت کیے جاچکے ہیں۔