ایران میں مہنگائی کے باعث انڈا بھی عام شہریوں کے لیے مہنگا ہوتا جا رہا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر انڈے کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنانے کا دلچسپ ٹرینڈ سامنے آگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی صارفین انڈوں کو سلیبریٹی کی طرح نمایاں کرتے ہوئے ان کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں۔ اس ٹرینڈ کو بڑھتی قیمتوں کے خلاف طنزیہ اور علامتی احتجاج قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق دارالحکومت تہران میں ایک انڈے کی قیمت تقریباً 4 ہزار 600 سے 8 ہزار تومان تک بتائی جا رہی ہے جبکہ دیگر بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے نے بھی شہریوں کے گھریلو بجٹ کو متاثر کیا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے ایک مشیر نے مہنگائی کی شدت کی مثال دیتے ہوئے حال ہی میں بچوں کے ڈائپر کی قیمت 8 لاکھ 60 ہزار تومان تک پہنچنے کا ذکر بھی کیا۔
مہنگائی کے خلاف سنجیدہ نعروں کے بجائے ایرانی سوشل میڈیا صارفین نے طنز کا سہارا لیتے ہوئے انڈے کو ہی ’سلیبریٹی‘ بنا دیا ہے۔