خاص تابوت کا جادو یا معجزہ؟ چین میں 'مردہ' خاتون کا شعور بحال ہوگیا

image

چین کے صوبہ ہیبئی کے ایک گاؤں میں کینسر کے عارضے میں مبتلا 70 سال سے زائد عمر کی خاتون کو خاندان کی جانب سے مردہ سمجھ کر تابوت میں رکھے جانے کے بعد ان کے اچانک زندہ ہونے کا عجیب واقعہ سامنے آیا ہے۔

کینسر کا علاج ناامید ہونے پر اہلخانہ خاتون کو گھر لے آئے تھے، جہاں 8 ستمبر کو زندگی کی کوئی علامت نہ پا کر رشتے داروں نے انہیں ایک ایسے خاص تابوت میں رکھ دیا جس میں جسم کو محفوظ رکھنے کے لیے مناسب ٹھنڈک کا انتظام تھا۔

اگلی شام خاتون کی بہو نے تابوت کے اندر سے پراسرار آوازیں سنیں، جس پر خاندان نے فوری طور پر انہیں باہر نکالا۔ 11 ستمبر کو قصبے سے باہر کے رشتے داروں کی آمد پر خاتون نے آنکھیں کھول لیں اور ان کا شعور بحال ہوگیا، تاہم ان کی حالت بدستور انتہائی نازک تھی۔ اس کے بعد 12 ستمبر کی شب خاتون کا انتقال ہوگیا اور 13 ستمبر کو انہیں سپرد خاک کردیا گیا۔

اس واقعے کی کہانی آن لائن وائرل ہونے پر لوگوں نے اس کی صداقت پر سوالات اٹھائے، تاہم مقامی گاؤں کے ایک عہدیدار نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔

عہدیدار کے مطابق تابوت میں منجمد کرنے کے بجائے ایک خاص درجہ حرارت برقرار رکھا گیا تھا، جس کی بدولت خاتون کا مسموم جسمانی نظام دوبارہ بحال ہوگیا تھا جس میں پہلے بظاہر زندگی کے آثار ختم ہوچکے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US