نوکری نہ ملی تو مزدوری شروع کردی، یونیورسٹی ٹاپر کی ویڈیو نے ہلچل مچا دی

image

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے بی ایس بینکنگ اینڈ فنانس کے گولڈ میڈلسٹ اور ٹاپر اسامہ محمود کی نوکری نہ ملنے کے بعد مزدوری کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آگئی، جس کے بعد ملکی تعلیمی نظام اور بے روزگاری پر بحث شروع ہوگئی۔

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ہونہار نوجوان اسامہ محمود نے بی ایس بینکنگ اینڈ فنانس کی ڈگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور گولڈ میڈل بھی حاصل کیا۔

تاہم طویل عرصے تک ملازمت کی تلاش کے باوجود انہیں نوکری نہ مل سکی، جس کے بعد انہوں نے حالات کے سامنے ہمت ہارنے کے بجائے محنت مزدوری کا راستہ اختیار کرلیا۔

اسامہ محمود اب ایک تعمیراتی مستری کے ساتھ دیہاڑی دار مزدور کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں انہیں بیلچہ اٹھائے اور اینٹیں منتقل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملک میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع اور بے روزگاری کے مسئلے پر بحث کی جا رہی ہے۔

صارفین نے اسامہ محمود کی محنت اور حلال روزی کمانے کے جذبے کو سراہتے ہوئے ان کے لیے احترام کا اظہار بھی کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US