شمالی یونان کے قدیم شہر میزا میں ماہرین آثارِ قدیمہ نے تقریباً 2400 سال پرانی ایک تاریخی درسگاہ کے آثار دریافت کیے ہیں جس کے بارے میں خیال ہے کہ یہی وہ مقام ہے جہاں فلسفی ارسطو نے نوجوان سکندر اعظم اور دیگر اشرافیہ کو تعلیم دی تھی۔
کھدائی کے دوران وسیع عمارت، لیکچر ہال، پتھر کی مطالعاتی میزیں، موزائیک فرش، کھیلوں کے میدان اور دو ضیافتی ہال سمیت چار قدیم قلم نما اسٹائلَس، برتن اور سکے بھی ملے ہیں۔
یونانی وزارتِ ثقافت کے مطابق عمارت کا طرزِ تعمیر مقدونی شاہی محل سے مشابہ ہے جہاں مقدونی بادشاہ فلپ دوم اور ان کے بیٹے سکندر اعظم قیام کرتے تھے۔۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اسے سکندر اعظم کی درسگاہ قرار دینے سے قبل مزید شواہد کی ضرورت ہے۔