جرمن آرم ریسلر لیونیڈاس آرکونا کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ حاصل کر رہی ہے لیکن اس بار وجہ ان کی غیر معمولی طاقت نہیں بلکہ مقابلے کے دوران دکھائی گئی خوبصورت انسانیت ہے۔
ویڈیو میں آرکونا ایک عام شخص کے ساتھ آرم ریسلنگ کرتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ اس شخص کی ننھی بیٹی قریب کھڑی ہوکر اپنے والد کا مقابلہ دیکھ رہی ہوتی ہے۔ مقابلے کے دوران آرکونا نے اپنی طاقت استعمال کرنے کے بجائے بظاہر جان بوجھ کر مقابلہ ہارنے کا فیصلہ کیا تاکہ والد اپنی بیٹی کے سامنے کامیابی حاصل کرسکے۔
مقابلہ جیتتے ہی شخص کے چہرے پر خوشی نمایاں ہوگئی اور اس نے فوراً اپنی بیٹی کو گلے لگا لیا۔ قریب موجود لوگوں نے بھی اس منظر کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور دونوں باپ بیٹی کے اس لمحے کو داد دی۔
ویڈیو کے مطابق چند لمحوں کا یہ مقابلہ اس شخص کے لیے صرف ایک کھیل نہیں رہا بلکہ اپنی بیٹی کے سامنے جیتنے کی ایک خوبصورت یاد بن گیا۔ یہی وجہ ہے کہ آرکونا کا یہ انداز سوشل میڈیا صارفین کو بھی پسند آرہا ہے جہاں لوگ اسے کھیل کے ساتھ ساتھ احترام اور انسانیت کی اچھی مثال قرار دے رہے ہیں۔