اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تاجانی ان دنوں کسی سفارتی معاملے کے بجائے اپنی ہی بنوائی گئی اے آئی تصاویر کے باعث سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنے ہوئے ہیں۔ ان تصاویر میں تاجانی کو منی اسکرٹ سمیت مختلف خواتین کے لباس میں دکھایا گیا، جنہیں صارفین نے ان کے ایک حالیہ بیان کے جواب میں طنزیہ انداز میں شیئر کرنا شروع کیا۔ یہ تصاویر حقیقی نہیں بلکہ اے آئی سے تیار کردہ میمز ہیں۔
اصل تنازع اس وقت شروع ہوا جب تاجانی نے ایک تقریب میں اپنے بیٹے کے لیے شریکِ حیات کے انتخاب کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی لڑکی کو ترجیح دینے کا مشورہ دیں گے جو کم نمایاں لباس پہنتی ہو، زیادہ سنجیدہ اور قابلِ اعتماد ہو اور نسبتاً لمبی اسکرٹ پہننے والی ہو۔ انہوں نے ظاہری کشش اور سابقہ تعلقات کو بھی اپنی مثال کا حصہ بنایا، جس پر اٹلی میں سیاسی اور سماجی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔
تاجانی کے بیان کے بعد کئی خواتین سیاست دانوں نے منی اسکرٹ پہن کر یا اپنی ایسی تصاویر شیئر کرکے ردعمل دیا جبکہ سوشل میڈیا پر معاملہ مزید طنزیہ رخ اختیار کر گیا۔ سابق وزیراعظم ماتیو رینزی نے بھی تاجانی کی اے آئی سے تیار کردہ منی اسکرٹ والی تصویر شیئر کی جس کے بعد اس نوعیت کے میمز تیزی سے پھیلنے لگے۔
بعد ازاں نیویارک میں تاجانی نے اپنے بیان پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد خواتین کی توہین کرنا نہیں تھا اور ان کے الفاظ کو غلط سمجھا گیا۔ تاہم ان کی وضاحت کے باوجود اس بیان سے پیدا ہونے والا تنازع اور اس پر بننے والے میمز سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہے۔