بیٹی کی پسند کی شادی سے ناراض باپ نے آخرکار دل کی بات مان لی اور اچانک شادی ہال پہنچ کر بیٹی کو حیران کر دیا۔ چین میں پیش آنے والے اس واقعے نے باپ اور بیٹی کے درمیان محبت کے ایک جذباتی پہلو کو سامنے لا دیا۔
شادی کی تقریب جاری تھی کہ والد اچانک ہال میں داخل ہوئے اور اسٹیج کی طرف بڑھ گئے۔ انہوں نے اپنی بیٹی کا ہاتھ تھاما اور پھر اسے اس کے شوہر کے حوالے کر دیا۔ غیر متوقع طور پر والد کو اپنے سامنے دیکھ کر دلہن جذبات پر قابو نہ رکھ سکی اور رونے لگی۔
باپ جب وہاں سے واپس جانے لگا تو بیٹی نے جھک کر ان کا شکریہ ادا کیا اور پھر انہیں گلے لگا لیا۔ اس لمحے نے شادی کی تقریب کو ایک یادگار جذباتی منظر میں بدل دیا۔
تقریب میں موجود کسی شخص نے یہ منظر کیمرے میں محفوظ کر لیا جو بعد میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگا۔ ویڈیو میں باپ اور بیٹی کے درمیان نظر آنے والی محبت نے لوگوں کی توجہ حاصل کی اور کئی صارفین نے اس رشتے کے جذباتی پہلو پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔