ممبئی میں چار سال سے بند ایک ڈے کیئر سے اٹھنے والی شدید بدبو نے پڑوسیوں کو پریشان کردیا۔ شکایت پر پولیس پہنچی اور دروازہ کھولا تو اندر ایک شخص کی محفوظ کی گئی لاش ملی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس شخص کا انتقال جون 2022 میں دل کا دورہ پڑنے سے ہوا تھا، لیکن اس کی بیٹی نے آخری رسومات ادا کرنے کے بجائے والد کی میت کو اپنے قریب رکھنے کا فیصلہ کیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خاتون نے بیرونِ ملک قائم ایک ادارے کی خدمات حاصل کیں، جس کی مدد سے لاش کو محفوظ کرکے بند ڈے کیئر میں رکھا گیا۔
کئی سال گزرنے کے بعد عمارت سے آنے والی تیز بدبو نے آس پاس رہنے والوں کی توجہ حاصل کی۔ پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد بند جگہ کھولی گئی اور معاملہ سامنے آگیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ لاش کو اتنے طویل عرصے تک اس طرح رکھنے کے معاملے میں قانونی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔ خاندانی پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے، جبکہ خاتون نے قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے وکلا سے رابطہ کرلیا ہے۔