دولہا کی تلاش کیلیے خاتون نے گوگل فارم بنا لیا، 240 سے زائد امیدوار سامنے آ گئے

image

امریکا میں 36 سالہ خاتون نے شریکِ زندگی کی تلاش کے لیے ڈیٹنگ ایپس سے ہٹ کر ایک دلچسپ راستہ اختیار کیا۔ انہوں نے باقاعدہ آن لائن فارم تیار کیا جس کا نام ’ہسبینڈ ایپلی کیشن‘ رکھا گیا، اور دیکھتے ہی دیکھتے سیکڑوں افراد نے اس میں دلچسپی ظاہر کردی۔

امریکی ریاست شمالی کیرولائنا سے تعلق رکھنے والی ارین پیٹرسن نے گوگل فارم تیار کرکے اسے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیا اور پروفائل پر نمایاں کردیا۔ ان کا مقصد ایسے افراد تک پہنچنا تھا جو شادی کے معاملے میں سنجیدہ ہوں۔

یہ طریقہ سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا اور اطلاعات کے مطابق 240 سے زائد ممکنہ امیدواروں نے فارم بھرنے میں دلچسپی دکھائی۔

یہ محض نام اور رابطے کی معلومات مانگنے والی درخواست نہیں۔ فارم میں امیدواروں سے ان کے کیریئر، روزمرہ زندگی، ذاتی عادات، شادی کے بارے میں سوچ، خاندان سے متعلق توقعات اور مستقبل کے منصوبوں پر سوالات کیے گئے ہیں۔

ممکنہ شریکِ حیات کو اپنی ترجیحات کے ساتھ ان معاملات کی وضاحت کا موقع بھی دیا گیا ہے جن پر وہ کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتے۔

ارین کے مطابق ڈیٹنگ ایپس پر خاصا وقت گزارنے کے بعد انہوں نے یہ راستہ اس لیے اپنایا تاکہ ابتدا ہی میں غیر سنجیدہ لوگوں کی چھانٹی ہوسکے اور ایسے شخص کی تلاش آسان بنائی جاسکے جو واقعی مستقل رشتے میں دلچسپی رکھتا ہو۔

اپنی پسند کے بارے میں بات کرتے ہوئے ارین کا کہنا ہے کہ وہ ایک ایسے شریکِ زندگی کی خواہش مند ہیں جو ذہین ہونے کے ساتھ مہربان، وفادار اور فیاض بھی ہو۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US