امریکی ریاست ٹیکساس میں 100 سالہ سابق میرین فوجی کی جانب سے اپنی سالگرہ پر 100 برتھ ڈے کارڈز کی خواہش نے غیر معمولی شکل اختیار کرلی، ملک بھر سے انہیں چار ہزار سے زائد کارڈز موصول ہوگئے۔
وِلڈن کینتھ بووِن کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر ٹیکساس ویٹرنز لینڈ بورڈ نے اپنی ’’100 فار 100‘‘ مہم کے تحت عوام سے ان کے لیے 100 سالگرہ کارڈز بھیجنے کی اپیل کی تھی۔ یہ درخواست مقامی اخبارات اور ریڈیو اسٹیشن کے ذریعے عوام تک پہنچائی گئی، جبکہ بعد ازاں سوشل میڈیا پر بھی بڑے پیمانے پر شیئر ہوئی۔
اپیل کا نتیجہ توقعات سے کہیں بڑھ کر نکلا اور بووِن کی سالگرہ کی تقریب تک انہیں 100 کے بجائے چار ہزار سے زائد کارڈز موصول ہوچکے تھے۔ ملک کے مختلف حصوں سے بھیجے گئے ان کارڈز میں سابق فوجی کے لیے محبت، نیک خواہشات اور ان کی خدمات پر اظہارِ تشکر کیا گیا۔
وِلڈن کینتھ بووِن 5 ستمبر 1926ء کو ٹیکساس کے شہر لولنگ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1945ء میں امریکی میرین کور میں شمولیت اختیار کی اور دوسری جنگ عظیم کے آخری دنوں میں خدمات انجام دیں۔ 1946ء میں انہیں گڈ کنڈکٹ میڈل اور ایکسپرٹ رائفل مین بیج کے اعزاز کے ساتھ فوج سے فارغ کیا گیا۔
100 سالہ سابق فوجی کی ایک مختصر سی خواہش کا ہزاروں محبت بھرے پیغامات میں تبدیل ہوجانا ان کی زندگی کی اس اہم سالگرہ کو ایک یادگار موقع بنا گیا۔