لاہور کے ایک سرکاری اسکول میں بنیادی سہولتوں کی کمی سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹ نے توجہ حاصل کرلی، جہاں ایک رکشہ ڈرائیور نے اپنی بیٹی اور دیگر طلبہ کو گرمی سے بچانے کے لیے اسکول کو پنکھا عطیہ کردیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی تفصیلات کے مطابق رکشہ ڈرائیور نوید کی بیٹی گورنمنٹ ہائی اسکول چوبرجی میں زیرِ تعلیم ہے۔ کلاس روم میں پنکھے کی سہولت نہ ہونے کے باعث شدید گرمی میں بچوں کے لیے پڑھائی مشکل ہو رہی تھی۔
بیٹی کی پریشانی دیکھ کر نوید نے اپنی محدود آمدنی سے رقم بچائی، پنکھا خریدا اور اسکول انتظامیہ کے حوالے کردیا تاکہ کلاس میں موجود تمام بچے اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
صحافی محمد عمیر نے یہ معاملہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اسکول کے فیس بک پیج پر پنکھا عطیہ کیے جانے کی پوسٹ بھی موجود ہے۔
واقعے کے سامنے آنے کے بعد سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتوں اور تعلیمی فنڈز کی فراہمی سے متعلق سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔