مغربی جرمنی کے شہر ویزلنگ کے قریب ایک کھیت سے شوقیہ ماہرِ آثارِ قدیمہ نے میٹل ڈیٹیکٹر کی مدد سے 934 رومی چاندی کے سکے دریافت کرلیے۔
اولیور رِیڈل کو ایک سال قبل چند سکے ملے تھے تاہم میٹل ڈیٹیکٹر مسلسل سگنل دیتا رہا تو انہوں نے حکام کو اطلاع دی۔ ماہرین نے کھدائی کی تو مجموعی طور پر 3.1 کلوگرام وزنی چاندی کے ڈیناری برآمد ہوئے۔
محکمہ آثارِ قدیمہ کے مطابق یہ جرمنی میں رومی شہنشاہ ہیڈرین کے دور سے متعلق اب تک کا سب سے بڑا سکّوں کا خزانہ ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ خزانہ دوسری صدی عیسوی کے دوسرے چوتھائی میں جان بوجھ کر زمین میں دفن کیا گیا تھا۔