سونے پر ملیں گے لاکھوں روپے! جاپان میں گہری نیند کا انوکھا مقابلہ

image

جاپان میں نیند کی کمی ایک سنجیدہ مسئلہ بن چکی ہے لیکن ٹوکیو میں اسی مسئلے کی طرف توجہ دلانے کے لیے ایک انوکھا طریقہ اپنایا گیا جہاں لوگوں کو کام کرنے نہیں بلکہ سکون سے سونے پر ہزاروں ڈالرز کا انعام دیا گیا۔

ٹوکیو میں منعقد ہونے والے اس منفرد مقابلے کو میٹ ریس کا نام دیا گیا۔ درجنوں افراد آرام دہ گدوں پر لیٹے اور انہیں 90 منٹ کے اندر جلد از جلد گہری اور پُرسکون نیند حاصل کرنے کا چیلنج دیا گیا۔

شرکاء کے سروں پر خصوصی آلات لگائے گئے تھے جو ان کی نیند کی نگرانی کرتے رہے۔ ماحول کو مزید آرام دہ بنانے کے لیے کچھ لوگ اپنے پسندیدہ نرم کھلونے بھی ساتھ لے کر آئے۔

مقابلے کی خاص بات اس کا انعام تھا جس کی مجموعی مالیت 20 لاکھ جاپانی ین سے زیادہ، یعنی تقریباً 14 ہزار امریکی ڈالرز بتائی گئی۔ فاتح کا فیصلہ صرف زیادہ دیر سونے پر نہیں بلکہ اس بات پر کیا گیا کہ کون کتنی جلدی سویا اور اس کی نیند کتنی گہری اور پُرسکون رہی۔

مقابلے کا اہتمام کرنے والی کوالا سلیپ جاپان کے مطابق اس سرگرمی کا بنیادی مقصد تفریح سے زیادہ ایک اہم مسئلے کی طرف توجہ دلانا تھا۔ منتظمین چاہتے تھے کہ مصروف زندگی گزارنے والے لوگ اچھی اور مکمل نیند کی اہمیت کو سمجھیں۔

2021 کے OECD اعداد و شمار کے مطابق جاپان میں لوگوں کی روزانہ اوسط نیند تقریباً 7 گھنٹے 24 منٹ تھی، جو تنظیم کے رکن ممالک میں سب سے کم اوسط میں شمار ہوئی۔ دیر رات تک مصروف رہنا اور طویل سفر جیسے عوامل بھی جاپان میں کم نیند کی اہم وجوہات سمجھے جاتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US