برطانوی چڑیا گھر میں افسوسناک واقعہ، ٹائیگر کے حملے میں شخص ہلاک

image

برطانیہ کے شہر یارکشائر کے ایک چڑیا گھر میں ٹائیگر کے احاطے میں داخل ہونے والا شخص حملے میں ہلاک ہوگیا، تاہم انتظامیہ نے ٹائیگر کو ہلاک نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جنوبی یارکشائر پولیس کے مطابق واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا، جب دوپہر تقریباً ایک بجے ایک شخص کے ٹائیگر کے احاطے میں داخل ہونے کی اطلاع ملی۔ ٹائیگر کے حملے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ امدادی کارکنوں نے موقع پر پہنچ کر اسے طبی امداد فراہم کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں شخص کو ٹائیگر کے قریب دیکھا جاسکتا ہے، جس کے بعد جانور اس پر حملہ کردیتا ہے۔ واقعے کے بعد چڑیا گھر کو خالی کرا کے بند کردیا گیا۔

چڑیا گھر انتظامیہ نے واضح کیا کہ امور نسل کا ’الٹائی‘ نامی ٹائیگر محفوظ ہے اور اسے واقعے کے بعد ہلاک نہیں کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق جانور اپنے احاطے میں موجود رہا اور عوام کو کسی وسیع تر خطرے کا سامنا نہیں تھا۔

واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ٹائیگر کو ہلاک کرنے کے مطالبات بھی سامنے آئے، جبکہ بعض افراد نے واقعے کا ذمہ دار احاطے میں داخل ہونے والے شخص کو قرار دیا۔ چڑیا گھر اتوار کو بھی بند رہا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US