آسٹریلیا میں سڑک پر مبینہ طور پر نماز پڑھتی پاکستانی طالبہ کو کچلنے والے ڈرائیور کو سزا

image

آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں سڑک پر مبینہ طور پر نماز ادا کرنے والی 20 سالہ پاکستانی طالبہ سامعہ ملک کو گاڑی سے ٹکر مار کر ہلاک کرنے والے نوجوان ڈرائیور کو عدالت نے معطل قید کی سزا سناتے ہوئے 10 سال کے لیے ڈرائیونگ سے روک دیا۔

پاکستان کے شہر سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والی سامعہ ملک اعلیٰ تعلیم اور بہتر مستقبل کی امید لیے آسٹریلیا منتقل ہوئی تھیں۔ 6 مئی 2025 کو ایڈیلیڈ کے علاقے ہل کرسٹ میں نارتھ ایسٹ روڈ پر پیش آنے والے حادثے میں وہ جان کی بازی ہار گئیں۔

عدالت میں پیش کیے گئے سی سی ٹی وی شواہد اور عینی شاہدین کے بیانات کے مطابق سامعہ حادثے سے قبل تقریباً چار منٹ تک سڑک پر گھٹنوں کے بل بیٹھی ہوئی تھیں اور بظاہر نماز ادا کر رہی تھیں کہ ایک گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی۔

حادثے کے وقت گاڑی چلانے والے نوجوان ایشٹن جیکب فرینڈ کی عمر 19 سال تھی۔ اس نے لاپروائی سے گاڑی چلا کر موت کا سبب بننے اور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہونے کے الزامات تسلیم کر لیے۔

عدالتی کارروائی کے دوران بتایا گیا کہ ڈرائیور مقررہ رفتار سے کم پر گاڑی چلا رہا تھا اور اس نے شراب یا منشیات استعمال نہیں کی تھیں۔ تاہم حادثے سے بچنے کے ممکنہ لمحوں میں اس کی توجہ سامنے سڑک کے بجائے گاڑی کے پچھلے شیشے پر تھی۔

ملزم نے اپنے بیان میں کہا کہ اسے ابتدا میں محسوس ہوا کہ اس کی گاڑی کسی کینگرو سے ٹکرائی ہے اسی لیے وہ رکے بغیر آگے بڑھ گیا۔ اگلے روز خبریں دیکھنے کے بعد اسے معلوم ہوا کہ حادثے میں ایک انسان کی جان گئی تھی۔

جج این بارنیٹ نے نوجوان کو ایک سال، تین ماہ اور 29 دن قید کی سزا سنائی جس میں آٹھ ماہ کی غیر مشروط رہائی سے قبل قید کی مدت مقرر کی گئی تھی۔ تاہم ملزم کی عمر، اظہارِ ندامت، اصلاح کے امکانات اور مقدمے کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سزا دو سال کے لیے معطل کر دی گئی۔ اس دوران اسے 500 آسٹریلوی ڈالر کے گڈ بیہیویئر بانڈ کا پابند بنایا گیا۔

عدالت نے ملزم پر 10 سال تک گاڑی چلانے کی پابندی بھی عائد کی۔ اس سے قبل سماعت کے دوران نوجوان نے سامعہ ملک کے اہل خانہ سے معافی مانگتے ہوئے حادثے اور موقع پر نہ رکنے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

سامعہ کی اچانک موت نے پاکستان میں موجود ان کے خاندان کو گہرے صدمے سے دوچار کیا۔ اہل خانہ کو ان کی میت وطن واپس لانے اور تدفین کے انتظامات کے لیے مالی اور جذباتی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

بہتر مستقبل کی تلاش میں آسٹریلیا جانے والی سامعہ ملک کی زندگی ایک ٹریفک حادثے میں ختم ہوگئی جبکہ عدالتی فیصلے کے بعد ملزم کو فوری قید کے بجائے مشروط آزادی دی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US