کراچی: کالعدم بی ایل اے اور ایس آر اے کے 4 دہشت گرد گرفتار، دستی بم اور اسلحہ برآمد

image

کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کراچی نے وفاقی اور سول حساس اداروں کے ہمراہ شہر کے دو مختلف مقامات پر مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان کے قبضے سے 4 دستی بم اور 1 پستول برآمد ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملزمان کراچی میں حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

پولیس کے مطابق پہلی کارروائی مین ابوالحسن اصفہانی روڈ، بلاک 4 کے قریب واقع پبلک پارک پر کی گئی، جہاں سے کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (BLA) سے تعلق رکھنے والے 3 تربیت یافتہ دہشت گردوں غلام یاسین، آفتاب احمد اور شعیب کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان اپنے کمانڈر کی ہدایت پر جمع ہوئے تھے اور شہر میں ہینڈ گرنیڈ کے ذریعے حساس مقامات اور دفاتر کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ ملزمان بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ، فرنٹیئر کور (FC) اور کسٹمز کی گاڑیوں پر حملوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔ ان کے قبضے سے 3 دستی بم اور 30 بور پستول معہ میگزین برآمد ہوا۔

دوسری کارروائی میں کورنگی کازوے ندی کے قریب سے کالعدم سندھ ریولیوشنری آرمی (SRA) کے دہشت گرد، آصف علی عرف آصف سندھی کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 1 دستی بم برآمد کیا گیا۔ ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے غیر ملکی شہری، ڈی ایس پی پولیس، ریلوے ٹریک اور ایک اہم سیاسی شخصیت کے گھر کی ریکی مکمل کر رکھی تھی اور وہ حساس دفاتر پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ CTD کراچی میں دھماکا خیز مواد ایکٹ، انسدادِ دہشت گردی ایکٹ (ATA) اور سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمات (98/2026 تا 102/2026) درج کرلیے گئے ہیں۔

ملزمان کے دیگر ساتھیوں، سہولت کاروں اور مالی معاونین کی گرفتاری کے لیے تفتیش اور مزید کارروائیاں جاری ہیں۔ اعلیٰ حکام نے اس کامیاب کارروائی پر حصہ لینے والی ٹیموں کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعامات کا اعلان کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US