راولپنڈی تھانہ سول لائن میں درج حنا جاوید قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے نوٹس لینے کے بعد اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی ٹیم نے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایڈیشنل آئی جی پنجاب سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے ہمراہ راولپنڈی پہنچے، جہاں انہوں نے سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے ہمراہ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔
خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے لال کرتی میں واقع اس اپارٹمنٹ کا بھی دورہ کیا جہاں حنا جاوید کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا تھا۔ اس موقع پر تفتیشی ٹیم نے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی ٹیم کو کیس کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے پوسٹ مارٹم رپورٹ، آلۂ قتل، جائے وقوعہ سے ملنے والے اہم شواہد، وقوعے کے مقام سے کی جانے والی فون کالز اور درج مقدمے میں نامزد ملزمان سے متعلق اہم سوالات کیے۔
دورے کے موقع پر ڈی ایس پی سول لائن، مقدمے کے تفتیشی افسر اور تھانہ سول لائن کے ایس ایچ او بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حنا جاوید قتل کیس کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا حکم دیا تھا جس کے بعد خصوصی ٹیم نے کیس کی تحقیقات کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔