کراچی میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی موت، گھر سے ملنے والے خط میں کیا انکشاف ہوا؟

image

کراچی کے علاقے ملیر بن قاسم میں ایک ہی گھر سے پانچ افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک تحریر بھی ملی ہے، جس میں خاندان کو درپیش مالی مشکلات، رشتہ داروں کے رویے اور مسلسل ذہنی دباؤ کا ذکر کیا گیا ہے۔

مرنے والوں میں 30 سالہ شاہزیب، ان کی 28 سالہ اہلیہ صبا، 20 سالہ بہن شمائلہ اور دو کمسن بیٹیاں، پانچ سالہ ایزل اور تین سالہ آریہ شامل ہیں۔

تفتیشی حکام کے مطابق شاہزیب کی جیب سے ملنے والے خط پر خون کے نشانات بھی موجود ہیں۔ اس تحریر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ والد کے انتقال کے بعد خاندان کو قریبی عزیزوں کی جانب سے سخت رویے کا سامنا کرنا پڑا۔

خط کے مطابق گھر میں آمدنی کا کوئی مستقل ذریعہ نہیں تھا۔ گزشتہ چھ ماہ سے روزمرہ ضروریات پوری کرنا مشکل ہو چکا تھا۔ بچوں کے دودھ، کھانے پینے کی اشیا اور گیس سلنڈر کے لیے بھی دوسروں سے مالی مدد طلب کرنا پڑتی تھی۔

تحریر میں رشتہ داروں سے شکوہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ جن لوگوں نے مشکل وقت میں ساتھ دینے کا وعدہ کیا تھا، انہوں نے ضرورت پڑنے پر رابطہ تک محدود کر دیا۔ خط لکھنے والے کے مطابق بار بار مدد مانگنے پر توہین آمیز سلوک کیا گیا، جس سے پورا خاندان شدید ذہنی پریشانی میں مبتلا ہو گیا۔

خط میں بعض عزیزوں پر سنگین الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔

واقعے کی اطلاع مکان کے مالک نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر دی۔ گھر کا دروازہ اندر سے بند ہونے کے باعث اہلکاروں کو اسے توڑ کر داخل ہونا پڑا۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ڈی آئی جی ایسٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ متعلقہ افسران جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے، فرانزک تحقیقات سمیت تمام ضروری قانونی تقاضے پورے کرنے اور واقعے میں ملوث عناصر یا کسی ممکنہ مجرمانہ پہلو کو سامنے لانے کے لیے فوری اقدامات یقینی بنائیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US