بھارت میں ایک خاندان کے پانچ افراد کی اچانک ہلاکت نے کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ ابتدائی طور پر اس واقعے کو نوڈلز کھانے سے جوڑا گیا، تاہم متعلقہ حکام نے زہر دیے جانے کے امکان کو بھی تحقیقات کا حصہ بنالیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق افسوسناک واقعہ ریاست اتر پردیش کے علاقے گریٹر نوئیڈا میں پیش آیا، جہاں شوہر، بیوی اور ان کے تین بچے جان کی بازی ہار گئے۔ بتایا گیا ہے کہ متاثرہ افراد نے جمعے کی شب کھانے میں نوڈلز استعمال کیے تھے، جس کے بعد ان کی اموات کا معاملہ سامنے آیا۔
واقعے کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے محکمہ فوڈ سیفٹی نے گھر میں موجود غذائی اشیا اور ان کی پیکنگ کی جانچ کی، لیکن ابتدائی معائنے میں کوئی ایسی چیز سامنے نہیں آئی جسے براہ راست ہلاکتوں کی وجہ قرار دیا جاسکے۔
فوڈ سیفٹی افسر او پی سنگھ کے مطابق اہلکاروں نے خاندان کے زیر استعمال کھانے کی مصنوعات کا جائزہ لیا، تاہم پیکٹوں پر درج معلومات یا ان کے اندر موجود اشیا میں کوئی واضح خرابی نہیں پائی گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عام طور پر آلودہ غذا کھانے سے متاثرہ شخص کو الٹی اور دست جیسی شکایات ہوسکتی ہیں۔ اس معاملے میں خوراک کے نمونوں سے فوری طور پر کوئی مشکوک بات سامنے نہ آنے کے باعث دیگر ممکنہ وجوہات بھی زیر غور ہیں۔
فی الحال یہ ثابت نہیں ہوسکا کہ پانچوں افراد کی جان نوڈلز کھانے سے گئی یا اس کے پیچھے کوئی دوسرا سبب موجود ہے۔ موت کی حتمی وجہ کا تعین مزید تحقیقات کے بعد ہی ممکن ہوگا۔