ایکواڈور سے تعلق رکھنے والے دھڑ سے جڑے جڑواں بھائی ہوزے لوئس سیوالوس اور ہوزے آرمانڈو سیوالوس 27 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ دونوں بھائی اپنی منفرد زندگی اور روزمرہ کے تجربات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کی وجہ سے دنیا بھر میں پہچانے جاتے تھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دونوں کی موت کی اطلاع 15 اکتوبر کو ان کی سوشل میڈیا ٹیم نے انسٹاگرام کے ذریعے دی، جس کے بعد ان کے چاہنے والوں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
دونوں بھائیوں کے قریبی دوست فرنینڈو کاریلو نے ان کے آخری لمحات کے بارے میں بتایا کہ پہلے ہوزے لوئس کو اچانک دل کا دورہ پڑا، جس پر انہیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔ ڈاکٹروں کی کوششوں سے ان کی طبیعت کچھ بہتر ہوگئی تھی، لیکن چند ہی منٹ گزرے تھے کہ ہوزے آرمانڈو کو بھی دل کا دورہ پڑگیا اور دونوں زندگی کی بازی ہار گئے۔
فرنینڈو کاریلو نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں بھائیوں نے زندگی کا ہر لمحہ ایک دوسرے کے ساتھ گزارا۔ وہ ایک ساتھ اس دنیا میں آئے تھے اور ان کا آخری سفر بھی ایک ساتھ ہی ہوا۔
ان کے بھائی دامیان سیوالوس کے مطابق اس اچانک سانحے نے پورے خاندان کو غم میں مبتلا کردیا ہے۔ خاص طور پر والدین کے لیے اپنے دونوں بیٹوں کو ایک ہی وقت میں کھو دینا ایسا دکھ ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔
جڑواں بھائیوں کی سوشل میڈیا ٹیم نے بھی ایک پیغام جاری کرتے ہوئے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جو برسوں سے ان کی زندگی کا حصہ رہے۔ ٹیم کے مطابق دونوں بھائی اپنی خوش مزاجی، ہمت اور زندگی کے بارے میں مثبت سوچ کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔
ہوزے لوئس اور ہوزے آرمانڈو نے اپنی زندگی کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ جسمانی مشکلات کے باوجود انسان اپنے خواب پورے کرنے اور خوش رہنے کی کوشش کرسکتا ہے۔ ان کی زندگی کی کہانی ان لوگوں کے لیے حوصلے کا باعث بنی جو مختلف مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔