ایپل کا نایاب کمپیوٹر کروڑوں روپے میں فروخت، نیلامی کا عالمی ریکارڈ قائم

image

معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے نایاب اور مکمل طور پر فعال کمپیوٹر ’ایپل-1‘ نے نیلامی میں عالمی ریکارڈ قائم کردیا جو 11 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر میں فروخت ہوا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’ہیٹ فیلڈ‘ کے نام سے مشہور اس کمپیوٹر کی نیلامی کے دوران دو خریداروں کے درمیان تقریباً 28 منٹ تک مقابلہ جاری رہا جس کے بعد اس کی قیمت ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی۔

کمپیوٹر کی تاریخی اہمیت کے ساتھ اس پر ایپل کے شریک بانی اسٹیو ووزنیاک کے دستخط بھی موجود ہیں جنہوں نے 1976 میں اس کا ہارڈویئر تیار کیا تھا۔ نیلامی میں 1978 کا اسٹیو جابز کا تحریر کردہ اور دستخط شدہ خط بھی شامل تھا جس میں انہوں نے اصل مالک فریڈ ہیٹ فیلڈ کو ایپل-2 کمپیوٹر اپ گریڈ کرنے کی پیشکش کی تھی۔

نیلام گھر بونہامز کے مطابق اس تاریخی مجموعے میں کمپیوٹر کا اصل آپریشنز مینوئل، ہارڈویئر کے مختلف پرزے اور ایپل-1 اونرز کلب میں شمولیت کی دعوت بھی شامل تھی۔ ایپل-1 رجسٹری کے مطابق یہ کمپیوٹر نمبر 48 کے طور پر درج ہے اور دنیا بھر میں اس کے 75 سے بھی کم یونٹس باقی رہنے کی تصدیق ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ ایپل-1 کو 1976 میں کمپنی کی پہلی پراڈکٹ کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا۔ ایپل کی 50ویں سالگرہ کے سال ہونے والی اس نیلامی نے کمپنی کی ابتدائی ٹیکنالوجی سے وابستہ نایاب اشیا کی تاریخی اور تجارتی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US