کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں واقع 'اسپاٹڈ لیک' نامی ایک ایسی انوکھی جھیل دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے جو روایتی قدرتی مناظر سے بالکل ہٹ کر ایک سحر انگیز منظر پیش کرتی ہے۔
اوسویوس قصبے سے تقریباً دس کلومیٹر مغرب میں ہائی وے نمبر 3 کے قریب واقع اس جھیل میں نیلے، سبز اور پیلے رنگ کے گول گول دھبے ایسے دکھائی دیتے ہیں جیسے کسی نے کینوس پر خود رنگ برنگے دائرے تراش دیے ہوں۔
اس جھیل کی اس دلکش اور منفرد ساخت کے پیچھے قدرت کا ایک دلچسپ سائنسی عمل کارفرما ہے۔ کیلشیم، سوڈیم سلفیٹس اور میگنیشیم سلفیٹ جیسی معدنیات سے بھرپور اس جھیل کا پانی جونہی گرمیوں کے موسم میں درجہ حرارت بڑھنے پر بخارات بن کر اڑنے لگتا ہے، تو پانی کم ہونے سے معدنیات کی مقدار بڑھ جاتی ہے اور مختلف مقامات پر گول شکل کے چھوٹے چھوٹے تالاب بن جاتے ہیں۔ ان تالابوں کے درمیان موجود ہلکے رنگ کی معدنی تہیں بڑے بڑے رنگین دھبے ابھار دیتی ہیں، جن کے رنگ کہیں گہرے نیلے تو کہیں سبز اور پیلے دکھائی دیتے ہیں۔
قدرتی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ یہ مقام مقامی اوکاناگن باشندوں (سائیلکس) کے لیے ایک انتہائی مقدس حیثیت رکھتا ہے، جو اسے 'کلیلکس و' کہتے ہیں اور روایتی طور پر اسے شفا اور علاج سے بھی جوڑتے ہیں۔
جھیل کی حفاظت اور مقامی روایات کے احترام کے پیش نظر سیاحوں کو کنارے پر اترنے کی اجازت نہیں ہے، تاہم وہ سڑک کے کنارے بنائے گئے مخصوص مقام سے اس کے رنگین دائروں کا نظارہ اور فوٹوگرافی کرسکتے ہیں۔
موسم اور پانی کی سطح کے ساتھ بدلتی اس جھیل کو بھرپور انداز میں دیکھنے کا بہترین وقت گرمیوں کے مہینے ہوتے ہیں جب یہ رنگین مناظر اپنے پورے جوبن پر ہوتے ہیں۔