دریا کے نیچے سفر کا منفرد تجربہ، چین کی سرنگ میں لیزر لائٹس کا جادو

image

چین کے شہر شنگھائی میں دریائے ہوانگ پُو کے نیچے سے گزرنے والی ایک منفرد سیاحتی ٹرین کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے، جہاں سرنگ کے اندر رنگ برنگی ایل ای ڈی لائٹس اور لیزر پروجیکشنز مسافروں کو ایک حیرت انگیز تجربہ فراہم کرتے ہیں۔

شنگھائی میں یہ زیرِ آب سیاحتی راستہ ’بنڈ سائٹ سینگ ٹنل‘ کے نام سے جانا جاتا ہے جو شہر کے تاریخی علاقے بنڈ کو دریائے ہوانگ پُو کے دوسری جانب واقع جدید کاروباری علاقے پڈونگ سے ملاتا ہے۔ اس راستے کے ذریعے مسافر دریا کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک زیرِ آب سرنگ میں سفر کرتے ہیں۔

تقریباً 646.7 میٹر طویل اس سرنگ سے ایک جانب سے دوسری جانب پہنچنے میں عموماً 3 سے 5 منٹ لگتے ہیں۔ اگرچہ یہ سفر مختصر ہے تاہم سرنگ کے اندر نصب رنگین روشنیاں، بدلتے ہوئے بصری مناظر اور لیزر کے دلچسپ اثرات اسے ایک منفرد سیاحتی تجربے میں تبدیل کردیتے ہیں۔

اس سیاحتی راستے پر چلنے والی گاڑیاں عام میٹرو ٹرینوں سے مختلف ہیں۔ یہاں خودکار کیبل سے چلنے والی چھوٹی مسافر گاڑیاں استعمال کی جاتی ہیں، جنہیں خصوصی طور پر اس سرنگ میں سفر کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

سفر کے دوران سرنگ کی دیواروں پر مختلف رنگوں کی روشنیاں اور لیزر پروجیکشنز بدلتے ہوئے مناظر پیش کرتے ہیں جس سے مسافروں کو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ کسی سائنس فکشن فلم کی دنیا میں داخل ہوگئے ہوں۔ یہی منفرد انداز اس راستے کو سیاحوں کے لیے دلچسپی کا باعث بناتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ’بنڈ سائٹ سینگ ٹنل‘ میں یکطرفہ سفر کا ٹکٹ 50 چینی یوآن جبکہ آنے جانے کے سفر کا ٹکٹ 70 یوآن ہے۔ تاہم یہ قیمتیں وقت کے ساتھ تبدیل ہوسکتی ہیں۔

شنگھائی کا یہ منفرد سیاحتی راستہ جدید ٹیکنالوجی، روشنیوں کے دلکش امتزاج اور زیرِ آب سفر کے تجربے کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US