امریکی ریاست ٹیکساس میں فارمولا ون کے آئندہ مقابلے کی خوشی میں دنیا کی سب سے بڑی کاؤ بوائے ہیٹ متعارف کرا دی گئی، جسے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں بھی جگہ مل گئی ہے۔
سرکٹ آف دی امریکاز ریس ٹریک نے آسٹن کے ملبوسات کے برانڈ ٹیکوواس کے اشتراک سے یہ دیوہیکل مجسمہ تیار کیا ہے، جو کمپنی کی مشہور کیٹل مین کاؤ بوائے ہیٹ کے ڈیزائن پر مبنی ہے۔ فائبر گلاس سے تیار کردہ اس مجسمے کی چوڑائی 43 فٹ، لمبائی 47 فٹ اور اونچائی 17 فٹ ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے نے پیر کے روز مجسمے کا معائنہ کیا اور اسے دنیا کا سب سے بڑا فائبر گلاس ہیٹ مجسمہ قرار دیا۔ اس کی رونمائی فارمولا ون کے یو ایس گراں پری مقابلے کی مناسبت سے کی گئی ہے۔
یہ منفرد مجسمہ نہ صرف شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے بلکہ ٹیکساس کی کاؤ بوائے ثقافت اور موٹر ریسنگ کے امتزاج کی بھی عکاسی کرتا ہے۔