دنیا بھر میں ڈاک خانے عموماً عمارتوں یا عوامی مقامات پر قائم ہوتے ہیں لیکن جاپان میں ایک ایسا منفرد پوسٹ باکس بھی موجود ہے جہاں خط بھیجنے کے لیے سمندر کی تہہ میں اترنا پڑتا ہے۔
جاپان کے صوبے واکایاما میں واقع سوسامی بے کے سمندر میں نصب یہ انوکھا پوسٹ باکس 1999ء سے فعال ہے اور یہاں سے آج بھی ہر سال 1500 سے زائد خطوط بھیجے جاتے ہیں۔ یہ منفرد مقام سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے جہاں لوگ سمندر کے اندر جا کر اپنے دوستوں اور اہلِ خانہ کے لیے یادگار پیغامات بھیجتے ہیں۔
یہ دراصل ایک عام پوسٹ باکس ہے جسے سمندر کی تہہ میں مضبوطی سے نصب کیا گیا ہے۔ جاپان پوسٹ نے اسے باقاعدہ خطوط ارسال کرنے کے لیے تسلیم کر رکھا ہے۔
اس زیرِ آب پوسٹ باکس کا آغاز سیاحت کو فروغ دینے اور علاقے کی جانب مزید سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔ وقت گزرنے کے باوجود یہ منفرد ڈاک خانہ اپنی انفرادیت برقرار رکھے ہوئے ہے اور دنیا بھر میں حیرت کا باعث بنا ہوا ہے۔