پاکستان انڈر 19 نے اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کے اپنے پہلے گروپ 'اے' میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) انڈر 19 کو نو وکٹوں سے شکست دے دی۔ مسقط کے العامرات کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے 225 رنز کا ہدف 37.3 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ دفاعی چیمپئن کا اگلا مقابلہ 8 نومبر کو روایتی حریف بھارت انڈر 19 سے ہوگا۔
ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے یو اے ای انڈر 19 کی پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز کی آخری گیند پر 224 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ یو اے ای کی جانب سے نور اللہ ایوبی 55 گیندوں پر 70 رنز بنا کر نمایاں رہے جس میں تین چوکے اور چھ چھکے شامل تھے، جبکہ یاین کرن رائے نے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کے بولر محمد صائم نے 37 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ علی رضا، حسنین عباس ڈار اور رضوان اللہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستان انڈر 19 کی جانب سے عثمان خان اور جہانگیر بلال نے 153 رنز کی مضبوط افتتاحی شراکت قائم کی۔ جہانگیر بلال 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد عثمان خان نے عبدالقادر (20 ناٹ آؤٹ) کے ساتھ مل کر مزید 72 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ عثمان خان نے 120 گیندوں پر 21 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 139 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس پر انہیں 'پلیئر آف دی میچ' کا ایوارڈ دیا گیا۔ پاکستان نے یہ ہدف 75 گیندیں قبل ہی مکمل کرلیا۔