انگلینڈ میں امپائر کو دھوکا دے کر متنازع انداز میں وکٹ حاصل کرنے والے شوقیہ کرکٹر برائن ڈیوائن پر 2 سال کے لیے کرکٹ کی تمام سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی گئی۔
سالٹ برن کرکٹ کلب کی سیکنڈ ٹیم سے تعلق رکھنے والے برائن ڈیوائن کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ گیند بیٹ کے قریب سے گزرنے پر چٹکی بجا کر آواز نکالتے دکھائی دیے جس سے امپائر کو گیند بلے سے لگنے کا گمان ہوا۔
واقعہ نارتھ یارکشائر اینڈ ساؤتھ ڈرہم کرکٹ لیگ کے ایک میچ میں پیش آیا، جہاں سالٹ برن نے نارٹن کو 159 رنز سے شکست دی تھی۔ نارٹن کلب نے شکایت درج کرائی کہ برائن ڈیوائن نے بلے باز نعمان شبیر کے شاٹ کے دوران چٹکی بجا کر غلط تاثر پیدا کیا، جس کے بعد وکٹ کیپر جوش بوز نے کیچ پکڑا اور امپائر نے بلے باز کو آؤٹ قرار دے دیا۔
واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر ’کلکی پونٹنگ‘ کا نام دیا گیا۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی تحقیقات کے بعد برائن ڈیوائن کو 29 ستمبر 2028 تک معطل کردیا گیا ہے۔ پابندی کے تحت وہ کرکٹ کھیلنے کے علاوہ کوچنگ، امپائرنگ، اسکورنگ اور جونیئر ٹیموں کی نگرانی بھی نہیں کرسکیں گے۔
واقعے پر سالٹ برن کرکٹ کلب کو بھی سزا کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کلب کی سیکنڈ ٹیم کو تیسرے ڈویژن میں بھیج دیا گیا، جبکہ 2027 کے سیزن کا آغاز 60 پوائنٹس کی کٹوتی سے ہوگا۔ اس کے علاوہ کلب پر 300 پاؤنڈ جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
کلب نے سزا قبول کرتے ہوئے آئندہ سیزن کی تیاریوں پر توجہ دینے کا اعلان کیا ہے۔