کراچی: گلشن حدید میں گھر کے باہر فائرنگ، سابق ایس ایچ او جاں بحق، اہلیہ زخمی

image

کراچی کے علاقے گلشنِ حدید فیز تھری میں نامعلوم مسلح ملزم کی فائرنگ کے نتیجے میں سابق ایس ایچ او جاوید ابڑو جاں بحق جبکہ ان کی اہلیہ زخمی ہوگئیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق سابق ایس ایچ او جاوید ابڑو اپنی اہلیہ کے ہمراہ گھر کے باہر بیٹھے تھے کہ ایک ملزم نے ان پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں جاوید ابڑو کو سات گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ان کی اہلیہ کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا اکیلا ملزم واردات کے بعد چند قدم کے فاصلے پر کھڑی موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ اسٹیل ٹاؤن پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ کرائم سین یونٹ نے علاقے کو گھیر کر شواہد جمع کرنا شروع کردیے ہیں۔

واضح رہے کہ انسپکٹر جاوید ابڑو کراچی کے مختلف تھانوں میں بطور ایس ایچ او فرائض سر انجام دے چکے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US