"میری والدہ شرمیلا ٹیگور نے شادی سے پہلے اسلام اس لیے قبول کیا کیونکہ اُس دور میں اس رشتے کے لیے مذہب کی تبدیلی ضروری سمجھی جاتی تھی۔ اس سے شادی اور بچوں کی قانونی حیثیت بھی واضح ہوتی تھی۔ ہماری دادی بھی اس شرط کے بغیر شادی کی اجازت نہ دیتیں۔ تاہم میرے والد یا ان کے خاندان نے کبھی والدہ پر اپنا نام تبدیل کرنے یا پاسپورٹ اور دیگر سرکاری کاغذات میں عائشہ لکھوانے کے لیے دباؤ نہیں ڈالا۔ مذہب تبدیل کرنے کے باوجود والدہ کی شخصیت اور فلمی شناخت پہلے جیسی ہی رہی۔"
بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ شرمیلا ٹیگور کے اسلام قبول کرنے اور نام عائشہ رکھنے کے فیصلے سے متعلق کئی دہائیوں بعد نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ ان کی بیٹی صبا علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ والدہ کے اس فیصلے میں صرف محبت نہیں بلکہ اُس زمانے کے قانونی معاملات اور خاندانی روایات بھی اہم تھیں۔
بھارتی میزبان سدھارتھ کنن کو دیے گئے انٹرویو میں صبا نے بتایا کہ 1968 میں جب شرمیلا ٹیگور اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان منصور علی خان پٹودی نے شادی کا فیصلہ کیا تو مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے کی وجہ سے انہیں کئی سماجی اور خاندانی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔
صبا کے مطابق پٹودی خاندان میں اس وقت مذہبی روایات کو خاص اہمیت حاصل تھی اور ان کی دادی بھی مذہب کی تبدیلی کے بغیر اس رشتے پر رضامند نہیں ہوتیں۔ انہوں نے بتایا کہ والدہ نے اسلام قبول کرنے کے بعد عائشہ نام اختیار کیا، لیکن انہیں اپنی اصل شناخت یا فلمی کیریئر چھوڑنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
شرمیلا ٹیگور اور منصور علی خان پٹودی کی شادی اپنے دور میں خاصی خبروں کا موضوع بنی تھی۔ مختلف مذہبی پس منظر کے باعث اس رشتے پر تنقید بھی ہوئی، جبکہ اداکارہ ماضی میں انکشاف کر چکی ہیں کہ شادی کے موقع پر انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں تک موصول ہوئی تھیں۔
واضح رہے کہ شرمیلا ٹیگور اور منصور علی خان پٹودی کے تین بچے سیف علی خان، صبا علی خان اور سوہا علی خان ہیں۔ منصور علی خان پٹودی 2011 میں 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
صبا علی خان کی حالیہ گفتگو نے ایک بار پھر اس مشہور شادی سے جڑے حالات کو سامنے لایا ہے، جس میں محبت کے ساتھ خاندانی توقعات اور اُس دور کی سماجی پابندیوں نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔