"مجھے زندگی میں کبھی بچوں کی کمی محسوس نہیں ہوئی۔ ایسا نہیں کہ مجھے بچے پسند نہیں، اگر میرے بچے ہوتے تو میں ان کے ساتھ وقت گزار کر خوش ہوتی، لیکن صرف بچوں سے محبت کرنا انہیں دنیا میں لانے کے لیے کافی نہیں۔ ان کی پرورش اور مستقبل کی ذمہ داریاں نبھانا بھی ضروری ہے۔ شاید مجھے خود پر اتنا اعتماد نہیں تھا کہ میں یہ سب کر سکوں گی۔ میرے لیے جانوروں کی محبت بہت قیمتی ہے کیونکہ وہ بغیر کسی شرط کے پیار کرتے ہیں۔ میں اس وقت 12 ایسی بلیوں کی دیکھ بھال کر رہی ہوں جنہیں میں نے ریسکیو کیا تھا۔ جہاں تک بڑھاپے میں سہارے کا سوال ہے تو بہت سے والدین کے بچے ہونے کے باوجود ان کی دیکھ بھال نہیں ہو پاتی، اس لیے ضروری نہیں کہ ہر شخص اپنے بچوں پر انحصار کرے۔"
پاکستان کی معروف اداکارہ ثانیہ سعید نے ماں نہ بننے کے اپنے فیصلے پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی سے مطمئن ہیں اور انہیں کبھی اولاد نہ ہونے کا احساسِ محرومی نہیں ہوا۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران اداکارہ سے پوچھا گیا کہ کیا ان کے پالتو جانور بچوں کی جگہ لے چکے ہیں؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بچوں سے محبت اپنی جگہ، لیکن ان کی پرورش ایک بڑی ذمہ داری ہے جس کے لیے ذہنی طور پر تیار ہونا ضروری ہے۔
ثانیہ سعید کے مطابق وہ اس وقت 12 ریسکیو کی گئی بلیوں کی دیکھ بھال کر رہی ہیں۔ ان جانوروں کی خوراک، صحت اور دیگر ضروریات پوری کرنے میں ان کا خاصا وقت گزرتا ہے، یہاں تک کہ بعض اوقات وہ دوستوں سے ملاقات اور تقریبات میں شرکت بھی نہیں کر پاتیں۔
گفتگو میں جب اداکارہ سے بڑھاپے میں تنہائی اور دیکھ بھال کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ مستقبل کے حالات کا فیصلہ وقت آنے پر کیا جا سکتا ہے۔ ان کے نزدیک اولاد ہونا اس بات کی ضمانت نہیں کہ بڑھاپے میں والدین کو لازماً سہارا ملے گا۔
ثانیہ سعید کی گفتگو میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ماں بننے کا فیصلہ صرف معاشرتی توقعات کی بنیاد پر نہیں بلکہ اپنی خواہش، صلاحیت اور ذمہ داریوں کو سمجھ کر کرنا چاہیے۔