قومی جونیئر ٹیم کا شاندار کھیل: بنگلادیش کو ہرا کر انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں انٹری

image

آل راؤنڈر رضوان اللہ کے شاندار اسپیل (30 رنز کے عوض 5 وکٹیں) کی بدولت پاکستان نے بنگلا دیش کو 9 وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر عمان میں جاری انڈر 19 ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی ہے۔

جمعرات کو کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے اوپنرز عثمان خان (64) اور خیام خان (69) کی نصف سنچریوں کی بدولت بنگلا دیش کی جانب سے دیا گیا محض 139 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔

بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پوری ٹیم 31.4 اوورز میں صرف 138 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بنگلا دیشی بیٹنگ لائن کو سب سے زیادہ نقصان رضوان اللہ نے پہنچایا جنہوں نے آٹھ اوورز میں پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ان کے علاوہ محمد صیام نے دو جبکہ علی رضا، حسنین عباس ڈار اور احمد حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلا دیش کی جانب سے صرف ان کے اوپنر عبداللہ المحی نے اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 45 گیندوں پر ٹھیک 50 رنز بنائے۔ المحی کے علاوہ کپتان فرید حسین نے 17 اور علی رافع نے 20 رنز اسکور کیے جبکہ دیگر وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ بنگلا دیش نے اپنی آخری چھ وکٹیں محض 40 رنز کے اضافے سے گنوا دیں۔

پاکستان جونیئرز کی جانب سے شاندار فارم میں موجود عثمان خان نے اپنی ناقابلِ شکست 64 رنز کی اننگز میں دو چھکے اور سات چوکے لگائے، جبکہ خیام خان نے آؤٹ ہونے سے قبل آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 69 رنز اسکور کیے، وہ اننگز میں آؤٹ ہونے والے واحد پاکستانی بلے باز تھے۔

پاکستان نے سیمی فائنل جیتنے کے لیے محض 21.5 اوورز کا سہارا لیا۔ دفاعی چیمپئن پاکستان کا فائنل میں مقابلہ بھارت یا افغانستان سے ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US