ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر ثاقب خان نے سات وکٹیں حاصل کر کے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کا پانسا پلٹ دیا، جس کے نتیجے میں مہمان ٹیم جمعرات کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں میچ کے چوتھے روز 446 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
ابر آلود موسم میں ثاقب خان نے 130 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے آج صبح مزید پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے سری لنکن بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا، جس کے باعث مہمان ٹیم نے اپنی آخری چھ وکٹیں محض 42 رنز کے اضافے سے گنوا دیں۔ اس کارکردگی کے ساتھ ثاقب ٹیسٹ ڈیبیو پر کسی بھی پاکستانی بولر کی جانب سے چوتھی بہترین بولنگ کا ریکارڈ بنانے میں کامیاب رہے۔
ہری بھری پچ سے خاطر خواہ موومنٹ حاصل کرتے ہوئے ثاقب—جنہوں نے تیسرے روز دو وکٹیں حاصل کی تھیں—نے سری لنکن بیٹنگ کی تباہی کا آغاز اس وقت کیا جب انہوں نے گزشتہ روز کے سنچری میکر دھننجایا ڈی سلوا (167) کو ان کے گزشتہ روز کے اسکور پر ہی وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا۔
وکٹ کیپر غازی غوری نے اننگز میں مجموعی طور پر چھ کیچ پکڑے۔ سری لنکا نے آج صبح اپنی اننگز کا آغاز 404 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا لیکن پوری ٹیم جلد ہی ڈھیر ہوگئی۔ آج صبح وکٹ لینے والے دوسرے بولر آل راؤنڈر رضا اللہ تھے جنہوں نے ملن رتنائیکے کو 12 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔
گزشتہ روز کے دوسرے سنچری میکر کپتان کوسل مینڈس بھی 119 رنز بنا کر غوری اور ثاقب کے گٹھ جوڑ کا شکار بنے۔ مینڈس اور دھننجایا نے پانچویں وکٹ کے لیے 249 رنز کی شراکت قائم کرکے تیسرے روز کے اختتام پر سری لنکا کے لیے ٹیسٹ جیتنے کی امید پیدا کردی تھی۔
سری لنکا پہلی اننگز میں محض 12 رنز کی برتری حاصل کرسکا۔ جواب میں پاکستان نے ڈیبیو کرنے والے اوپنر طیب عارف (11) کی وکٹ اسیتھا فرنینڈو کے ہاتھوں گنوا دی، جس کے بعد غیر متوقع موسم اور کم روشنی کے باعث دن کا کھیل ختم کردیا گیا۔
پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 57 رنز بنا لیے ہیں اور اسے مجموعی طور پر 45 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ دوسرے اوپنر اذان اویس 22 اور ایک اور ڈیبیوٹنٹ محمد طہٰ 24 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ سری لنکا نے 2017 کے بعد سے پاکستان کے خلاف کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی، جب اس نے متحدہ عرب امارات میں 0-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔