پیک شدہ چائے کی پیداوار کی الیکٹرانک نگرانی لازمی، ایف بی آر کا نیا نظام نافذ

image

چائے کی پیداوار و فروخت میں شفافیت یقینی بنانے اور ٹیکس چوری کی روک تھام کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پیک شدہ چائے کی پیداوار کی الیکٹرانک نگرانی کا فیصلہ کرلیا، جس کے تحت چائے کے ہر ریٹیل پیک پر مشین سے پڑھا جانے والا بارکوڈ لگانا لازمی ہوگا۔

ایف بی آر نے پیکجڈ چائے تیار، بلینڈ اور پیک کرنے والی کمپنیوں کے لیے نئی ہدایات جاری کردی ہیں، جن کے تحت ہر برانڈ، وزن اور پیکنگ کے لیے علیحدہ بارکوڈ رجسٹر کرانا ہوگا۔ چائے کی پیداوار اور پیکنگ سے متعلق ڈیٹا فوری طور پر ایف بی آر کو منتقل کیا جائے گا، جبکہ نئے یا تبدیل شدہ پیکج کی رجسٹریشن پیکنگ شروع ہونے سے کم از کم 7 روز قبل کرانا لازم ہوگی۔

نئے احکامات کے مطابق چائے کی پیکنگ کرنے والی کمپنیوں کو 10 دسمبر تک الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم نصب کرنا ہوگا۔ دستی طور پر پیکنگ کرنے والی کمپنیوں کے لیے بھی بارکوڈ اسکیننگ کا مناسب انتظام لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ بارکوڈ کو ہٹانے، چھپانے یا اس میں تبدیلی کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ایف بی آر کے مطابق نئے ضوابط پیکجڈ چائے بنانے، بلینڈ کرنے اور پیک کرنے والی تمام رجسٹرڈ کمپنیوں پر لاگو ہوں گے۔ کمپنیوں کو ایف بی آر کے منظور شدہ وینڈر کے ذریعے بارکوڈ اور پیکجنگ کی رجسٹریشن کرانا ہوگی، جبکہ ہر پیکنگ لائن پر الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم نصب کرنا بھی ضروری ہوگا۔

مانیٹرنگ سسٹم چائے کے ہر پیکٹ پر موجود بارکوڈ اسکین کرنے کے ساتھ تیار ہونے والے پیکٹوں کی تعداد بھی ریکارڈ کرے گا۔ ایف بی آر کی منظوری اور رجسٹریشن کے بغیر بارکوڈ والے چائے کے پیکٹ تیار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ الیکٹرانک مانیٹرنگ کے بغیر پیک شدہ چائے کو فیکٹری سے باہر بھیجنے پر پابندی ہوگی۔

ایف بی آر حکام کے مطابق الیکٹرانک نگرانی کے نئے نظام کا مقصد چائے کی پیداوار اور فروخت کا درست ریکارڈ برقرار رکھنا، ٹیکس چوری کے امکانات کو محدود کرنا اور ریونیو وصولی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US