"میرے بچوں جیسی اولاد کسی کی نہیں، مجھے اپنے دونوں بیٹوں پر فخر ہے۔ ان کی ماں نے ان کی بہترین تربیت کی ہے۔ میرے پرانے انٹرویو کو غلط انداز میں پیش کرکے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ میرے بچے مجھے وقت نہیں دیتے، حالانکہ ایسا بالکل نہیں ہے۔ میں نے صرف یہ کہا تھا کہ میں نے اپنے والد کے ساتھ بہت وقت گزارا، وہ مجھ سے خوش بھی تھے، لیکن آج بھی افسوس ہوتا ہے کہ کاش ان کے ساتھ مزید وقت گزار لیتا۔ میرا مقصد نوجوانوں کو سمجھانا تھا کہ اپنے والدین کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں، تاکہ بعد میں پچھتانا نہ پڑے۔ میرے دونوں بیٹے احسن اور زین انتہائی فرمانبردار ہیں، وہ میرے لیے انمول ہیرے ہیں۔ خدارا میرے بچوں کے بارے میں جھوٹی باتیں نہ پھیلائیں۔ جو سوشل میڈیا پیجز ہمارے نام سے غلط خبریں چلا رہے ہیں، وہ اپنی پوسٹس ڈیلیٹ کریں۔"
پاکستان کے معروف اداکار افضل خان المعروف جان ریمبو اپنے بیٹوں سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبروں پر خاموش نہ رہ سکے اور ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اصل حقیقت سامنے رکھ دی۔
معاملہ اس وقت شروع ہوا جب اداکار کے ایک پرانے انٹرویو کا مختصر کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، جس میں وہ اپنے مرحوم والد کو یاد کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے تھے۔ بعض سوشل میڈیا پیجز نے اس ویڈیو کو اس انداز میں پیش کیا جیسے جان ریمبو اپنے بچوں کی جانب سے وقت نہ دیے جانے کا شکوہ کر رہے ہوں۔
اداکار نے وضاحت کی کہ ان کی بات کا تعلق اپنے والد کی یادوں اور نوجوان نسل کو دیے گئے ایک مشورے سے تھا، نہ کہ ان کے بیٹوں کے رویے سے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے بچے نہ صرف ان کا احترام کرتے ہیں بلکہ ان کی فرمانبرداری کی تعریف دوسرے لوگ بھی کرتے ہیں۔
جان ریمبو نے جھوٹی خبریں پھیلانے والوں سے سوال کیا کہ اگر کوئی آپ کے بچوں کے بارے میں ایسی بے بنیاد باتیں کرے تو آپ کو کیسا محسوس ہوگا؟
اداکار کی وضاحتی ویڈیو سامنے آنے کے بعد مداح بھی ان کی حمایت میں بول پڑے۔ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ جان ریمبو کو اپنے بچوں کے بارے میں صفائیاں دینے کی ضرورت ہی نہیں، کیونکہ ان کے خاندان کی اچھی تربیت اور باہمی محبت سب کے سامنے ہے۔
واضح رہے کہ افضل خان نے مشہور ڈرامے گیسٹ ہاؤس میں جان ریمبو کے کردار سے شہرت حاصل کی تھی، جس کے بعد انہوں نے متعدد کامیاب پاکستانی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔