"بچے ایک ہی گھر میں رہتے ہیں لیکن اپنے اپنے کمروں میں مصروف ہوتے ہیں۔ میں اپنی بیوی سے کہتا ہوں کہ بچوں کو بولو تھوڑی دیر میرے پاس آکر بیٹھ جایا کریں۔ میں خود بھی ان سے کہتا ہوں کہ میرے ساتھ وقت گزارا کرو، لیکن آج کل کے بچے کہاں سنتے ہیں۔"
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار افضل خان المعروف جان ریمبو اپنے بچوں سے بڑھتے فاصلے اور والدہ کی یاد میں جذباتی ہوگئے۔ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ زندگی میں کامیابی حاصل کرنے اور کام کی مصروفیات کے دوران وہ اپنے بچوں کو اتنا وقت نہیں دے سکے جتنا دینا چاہیے تھا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ جدید دور کی مصروفیات نے والدین اور اولاد کے درمیان فاصلے بڑھا دیے ہیں۔ بچے گھر میں موجود ہونے کے باوجود اپنے کمروں تک محدود رہتے ہیں، جبکہ والدین ان کے ساتھ چند لمحے گزارنے کے منتظر ہوتے ہیں۔
گفتگو کے دوران جان ریمبو نے اپنی مرحومہ والدہ کے آخری لمحات بھی یاد کیے۔ انہوں نے بتایا کہ انتقال سے قبل ان کی والدہ نے ان کے کہنے پر تین مرتبہ کلمہ پڑھا اور پھر دنیا سے رخصت ہوگئیں۔ یہ واقعہ بیان کرتے ہوئے اداکار کی آنکھیں نم ہوگئیں۔
جان ریمبو کی گفتگو میں جہاں والدہ کی جدائی کا دکھ نمایاں تھا، وہیں اپنے بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کی خواہش بھی سامنے آئی۔ ان کے مطابق والدین کی موجودگی میں ان کے ساتھ وقت گزارنا ضروری ہے، کیونکہ گزرے ہوئے لمحے دوبارہ واپس نہیں آتے۔