اینکر ربیعہ احسن کی موت کا معاملہ، مذاق میں ٹریگر دبا دیا تھا

image

راولپنڈی میں اینکر ربیعہ احسن کی پراسرار موت کے کیس میں تحقیقات آگے بڑھ رہی ہیں۔ پولیس نے ان کے شوہر اور نامزد ملزم احسن طاہر کے موبائل فون کی ابتدائی جانچ مکمل کرلی ہے، جس میں دونوں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں کسی جھگڑے یا اختلاف کے شواہد نہیں ملے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق احسن طاہر نے اپنے بیان میں بتایا کہ انہوں نے تقریباً چھ ماہ پہلے ایک دوست سے غیر قانونی پستول حاصل کیا تھا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اسلحے کی میگزین الگ رکھی ہوئی تھی اور انہیں اندازہ نہیں تھا کہ پستول کے چیمبر میں گولی موجود ہوسکتی ہے۔

ملزم کے بیان کے مطابق الماری سے کپڑے نکالتے ہوئے پستول ہاتھ آیا تو انہوں نے اسے خالی سمجھ کر مذاق میں ربیعہ کی طرف رخ کیا اور ٹریگر دبا دیا۔ اچانک گولی چلنے سے ربیعہ شدید زخمی ہوکر گر پڑیں۔ احسن طاہر کا کہنا ہے کہ انہوں نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی، تاہم طبی امداد کے باوجود ان کی اہلیہ کی جان نہ بچائی جاسکی۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ موبائل ڈیٹا، ملزم کے مؤقف اور دیگر دستیاب شواہد کی بنیاد پر واقعے کی اصل نوعیت معلوم کرنے کی کوشش جاری ہے۔ فی الحال حادثاتی طور پر گولی چلنے کا دعویٰ ملزم کا اپنا بیان ہے، جس کی حتمی تصدیق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US