"میں سدھارتھ کا موبائل چیک کرتی ہوں اور کبھی کبھار ان کی کوئی بھی چیٹ کھول کر پڑھ لیتی ہوں، بس یونہی مجھے اچھا لگتا ہے۔"
بالی وڈ کی معروف اداکارہ کیارا اڈوانی نے اپنے شوہر سدھارتھ ملہوترا کے موبائل فون سے متعلق دلچسپ انکشاف کرکے سب کو حیران کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف فلم ساز کرن جوہر کے شو ’کافی ود کرن‘ کے نویں سیزن میں دونوں اداکاروں نے اپنی ازدواجی زندگی سے جڑی کئی دلچسپ باتیں شیئر کیں۔
پروگرام کے دوران کرن جوہر نے جوڑے سے پوچھا کہ کیا وہ کبھی ایک دوسرے کے موبائل فون چیک کرتے ہیں؟ اس سوال پر سدھارتھ خاموش رہے، لیکن کیارا نے فوراً اعتراف کرلیا کہ وہ اپنے شوہر کا فون دیکھتی ہیں۔
جب اداکارہ سے پوچھا گیا کہ وہ موبائل میں آخر کیا تلاش کرتی ہیں تو انہوں نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ وہ کسی خاص چیز کی تلاش نہیں کرتیں بلکہ کبھی کبھار یونہی چیٹ پڑھ لیتی ہیں۔
اہلیہ کا جواب سن کر سدھارتھ ملہوترا بھی پیچھے نہ رہے اور مذاق میں کہہ دیا کہ اب انہیں بھی کیارا کا موبائل چیک کرنا شروع کردینا چاہیے۔
دونوں کی اس ہلکی پھلکی گفتگو نے پروگرام میں دلچسپ ماحول پیدا کردیا، جہاں جوڑے نے اپنی روزمرہ زندگی اور ایک دوسرے کی عادتوں کے بارے میں کھل کر بات کی۔