بالی وڈ کی معروف اداکارہ ہما قریشی نے اپنی نئی آنے والی ویب سیریز میں کردار کی ادائیگی کے لیے سر منڈوا لیا ہے، جس نے ان کے مداحوں کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہما قریشی مقبول سیاسی ڈرامہ سیریز 'مہارانی' کے پانچویں سیزن میں ایک بار پھر رانی بھارتی کے روپ میں جلوہ گر ہو رہی ہیں۔ حال ہی میں اس سیزن کا پہلا پرومو جاری کیا گیا ہے، جس میں اداکارہ کو بالوں کے بغیر دیکھ کر شائقین دنگ رہ گئے۔
ایک انٹرویو کے دوران ہما قریشی نے تصدیق کی کہ انہوں نے اس کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے اپنے بال منڈوانے کا فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کی زندگی کا ایک بالکل نیا اور بڑا تجربہ تھا، تاہم وہ یہ دیکھنے کے لیے کافی پرجوش تھیں کہ ظاہری حلیے کی یہ تبدیلی ان کی اداکاری پر کیا اثر ڈالتی ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ 'مہارانی' کا ہر سیزن منفرد ہوتا ہے، لیکن پانچویں سیزن کی کہانی انتہائی دلچسپ اور خاص ہے جو ناظرین کو واقعی حیران کر دے گی۔