امیتابھ بچن کے بنگلے سمیت متعدد عمارتوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی، سیکیورٹی الرٹ

image

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی رہائش گاہ ’جلسہ‘ سمیت ممبئی کے مختلف اہم مقامات کو بم سے اڑانے کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے، جس کے بعد شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب سے بھیجی گئی اس ای میل میں امیتابھ بچن کے بنگلے، میئر آفس اور پنجاب نیشنل بینک سمیت متعدد مقامات کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ ای میل میں 31 دسمبر تک امیتابھ بچن کو ان کی رہائش گاہ پر قتل کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

مراسلے میں 27 نومبر کو ممبئی کے مہالکشمی اسٹیڈیم اور مہالکشمی ریس کورس میں گلوکار دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کے دوران ممکنہ حملے کا انتباہ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو کسی بھی تقریب میں شرکت کرنے یا لاوارث پڑے موبائل فون اٹھانے سے خبردار کیا گیا ہے۔

دھمکی موصول ہوتے ہی ممبئی پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈز اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے ای میل میں درج تمام مقامات پر سرچ آپریشن اور جامع تلاشی لی، تاہم کسی بھی جگہ سے کوئی مشکوک شے برآمد نہیں ہوئی۔ پولیس حکام نے ای میل بھیجنے والے عناصر کا سراغ لگانے اور اس کی صداقت جانچنے کے لیے باقاعدہ تحقیقات شروع کردی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 23 اکتوبر کو بھی امیتابھ بچن، ممبئی کی میئر ریتو تاوڈے اور ڈپٹی میئر سنجے گھڑی کو اسی نوعیت کی ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US