ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی: زمبابوے کو 51 رنز سے شکست، پاکستان سپر سکس مرحلے میں پہنچ گیا

image

پاکستان ویمنز ٹیم نے ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی میں زمبابوے کو 51 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سپر سکس مرحلے میں جگہ بنالی ہے۔

عجمان کے سیون ڈسٹرکٹس اسپورٹس کلب میں ہونے والے اس مقابلے میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز اسکور کیے۔ اننگز کی نمایاں بات کپتان منیبہ علی کی نصف سنچری تھی جنہوں نے 51 رنز بنائے، جبکہ عائشہ ظفر نے بھی 42 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ مستحکم کیا۔

151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے کھل کر نہ کھیل سکی اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر صرف 99 رنز ہی بنا سکی۔ زمبابوے کی جانب سے چیپو مگیری تریپانو 31 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔

پاکستان کی کامیابی میں بولرز نے اہم کردار ادا کیا، جہاں نشرہ سندھو نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مومنہ ریاست کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں، جبکہ ام ہانی اور طوبیٰ حسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس فتح کے ساتھ پاکستان گروپ بی سے سپر سکس راؤنڈ میں کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے، اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم بھی اسی گروپ سے اگلے مرحلے میں پہنچ چکی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US