برازیل کے لیجنڈری فٹبالر رونالڈینہو نے 46 برس کی عمر میں ریٹائرمنٹ واپس لیتے ہوئے ایک بار پھر پیشہ ورانہ فٹبال کے میدان میں قدم رکھ دیا ہے۔
انہوں نے اطالوی تھرڈ ڈویژن کلب ریوینا کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 0-2 سے فتح دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اتوار کو کھیلے گئے اس میچ میں رونالڈینہو ابتدائی لائن اپ کا حصہ تھے، جہاں انہوں نے ٹیم کے پہلے گول کے لیے فیصلہ کن پاس فراہم کیا، تاہم پہلے ہاف کے اختتام پر انہیں متبادل کھلاڑی سے تبدیل کر دیا گیا۔
رونالڈینہو نے آخری مرتبہ 2015 میں فلومینینسی کلب کے لیے میچ کھیلا تھا، تاہم رواں برس اگست میں بطور سرمایہ کار ریوینا کلب سے منسلک ہونے کے بعد انہوں نے دوبارہ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ اسٹار فٹبالر کی واپسی دیکھنے کے لیے شائقین کی کثیر تعداد اسٹیڈیم پہنچی، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے خصوصی طور پر ایک عارضی اسٹینڈ بھی قائم کیا۔
یاد رہے کہ اپنے شاندار کیریئر کے دوران رونالڈینہو برازیل کے ہمراہ 2002 کا فیفا ورلڈ کپ، بارسلونا کے ساتھ چیمپئنز لیگ اور 2005 میں بیلن ڈی اور ایوارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔ مجموعی طور پر 299 گول اسکور کرنے والے رونالڈینہو اب ریوینا کی جانب سے کھیلتے ہوئے اپنے کیریئر کا 300واں گول مکمل کرنے کے خواہاں ہیں۔