پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے سیشن میں پاکستانی بولرز نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کی آدھی سے زائد ٹیم کو پویلین پہنچا دیا ہے۔
سری لنکا نے کھانے کے وقفے تک 6 وکٹوں کے نقصان پر 85 رنز بنا لیے ہیں۔ سری لنکن اوپنرز پاکستانی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئے، پسندو سوریابندارا 4، دنیش چندی مل 7، کمندو مینڈس 8، لاہیرو ادار 4 اور دھننجیا ڈی سلوا ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کوشال مینڈس 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی طرف سے محمد عباس اور رضا اللہ نے 2، 2 جبکہ ثاقب خان اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پلیئنگ الیون میں عرفات منہاس کی جگہ عامر جمال کو شامل کیا گیا۔ ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ حریف ٹیم پر پریشر بنانے کی کوشش کریں گے۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہو گیا تھا جس میں پاکستان نے پہلی اننگز 434 رنز نو کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی تھی، سری لنکا نے پہلی اننگز میں 446 رنز بنائے جبکہ پاکستان کا دوسری اننگز میں اسکور آٹھ وکٹ پر 284 رنز تھا اور پہلی اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرنے والے ثاقب خان پلیئر آف دی میچ قرار پائے تھے۔