پاکستان فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو کا ماننا ہے کہ ان کی ٹیم میں سیف (SAFF) چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کو مشکل میں ڈالنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ منگل کو دونوں روایتی حریفوں کے درمیان ہونے والے اس تاریخی مقابلے سے قبل ان کے کھلاڑیوں کو حریف ٹیم کے بجائے اپنی خوبیوں اور طاقت پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔
پاکستان کا مقابلہ بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے نیشنل اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن بھارت سے ہوگا، جہاں گرین شرٹس پہلی بار ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرنے کے بعد اپنا پہلا سیف چیمپئن شپ ٹائٹل جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔
پیر کے روز میچ سے قبل پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے سولانو نے بھارتی ٹیم کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنے حریف کا بغور جائزہ لیا ہے اور وہ جانتے ہیں کہ وہ کہاں اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
سولانو نے کہا کہ ’’ہم سب تیاری کرتے ہیں۔ یہ ایک فائنل میچ ہے اور ہم بھارت کا احترام کرتے ہیں۔ ہم ہمیشہ جائزہ لیتے رہتے ہیں، لیکن اب فٹبال میں کوئی راز پوشیدہ نہیں رہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’آپ جانتے ہیں کہ وہ کیسے کھیلتے ہیں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم خود پر اور اس بات پر توجہ دیں کہ ہم کیا کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ ہم اپنی طاقت سے واقف ہیں اور جانتے ہیں کہ ہم بھارت کو کس طرح نقصان پہنچا سکتے ہیں۔‘‘