ذہنی صحت کی بہتری کے لیے صائم ایوب نے کرکٹ سے عارضی وقفہ لے لیا

image

پاکستان کے 24 سالہ بلے باز صائم ایوب نے اپنی ذہنی صحت اور سکون کی خاطر کرکٹ سے وقفہ لے لیا ہے۔

نوجوان کرکٹر کے قریبی ذرائع نے منگل کے روز بتایا کہ صائم نے حال ہی میں انگلینڈ اور سری لنکا کے ساتھ ہونے والی سہ فریقی ون ڈے سیریز کے پاکستانی اسکواڈ سے ریلیز لینے کے بعد سے اب تک کوئی کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ’’اسکواڈ سے ریلیز کے بعد ہیڈ کوچ مائیک ہیسن چاہتے تھے کہ صائم جا کر کچھ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں تاکہ وہ اپنا اعتماد اور کھیل کے لیے جوش و جذبہ دوبارہ حاصل کر سکیں۔‘‘

انہوں نے مزید بتایا کہ بدقسمتی سے صائم نے حکام کو آگاہ کیا ہے کہ انہوں نے ذہنی صحت (مینٹل ویلنیس) کے باعث کرکٹ سے بریک لیا ہے اور وہ کچھ عرصے کے لیے کھیل سے دور رہنا چاہتے ہیں۔

بین الاقوامی کھلاڑیوں کا ذہنی دباؤ اور صحت کی بہتری کے لیے تمام طرز کی کرکٹ سے وقفہ لینا اب اس کھیل میں ایک عام بات بن چکی ہے، تاہم پاکستان کرکٹ میں ایسا شاذ و نادر ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔

ذرائع نے کہا کہ ’’صائم کو فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی کھیلنے کے لیے کہا گیا تھا اور ان کا نام کراچی کے اسکواڈ میں بھی شامل کیا گیا تھا، لیکن پیر سے تیسرے راؤنڈ کے میچز شروع ہونے کے باوجود انہوں نے خود کو دستیاب نہیں کیا۔‘‘

جب کراچی ٹیم کے منیجر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ صائم نے یہ کہہ کر میچز کھیلنے سے معذرت کر لی ہے کہ وہ کچھ عرصے کے لیے کرکٹ سے وقفہ لے رہے ہیں۔

باصلاحیت نوجوان بائیں ہاتھ کے بلے باز اور اسپنر صائم ایوب، جن کے نام تین ون ڈے سنچریاں ہیں، اب تک 9 ٹیسٹ، 71 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور 20 ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں، لیکن وہ گزشتہ چند ماہ سے خراب فارم سے دوچار تھے اور سہ فریقی سیریز میں بھی ناکام رہے تھے، جس کے دوران انہوں نے اپنے کھیل پر کام کرنے کے لیے اسکواڈ سے ریلیز کی درخواست کی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US