پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کم از کم 2029 سے 2031 کے درمیان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے کسی بھی ایونٹ کی میزبانی نہیں کرے گا، تاہم اس کے باوجود بورڈ اسلام آباد میں ایک نئے اسٹیڈیم کی تعمیر اور کراچی سمیت ملک بھر کے موجودہ اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش پر اربوں روپے خرچ کرنے کے منصوبے پر پوری رفتار سے عمل پیرا ہے۔
اس وقت پاکستان کو 2028 میں آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ کی میزبانی کرنی ہے، لیکن حال ہی میں بالی میں ہونے والے آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے بعد 2032 تک کسی دوسرے آئی سی سی ایونٹ کے میزبانوں کی فہرست میں پاکستان کا نام شامل نہیں ہے۔
آئی سی سی نے 2028 سے 2035 کے درمیان ہونے والے مردوں کے بڑے بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹس کی باضابطہ ونڈوز اور میزبانوں کی منظوری دے دی ہے، تاہم 2032 سے 2035 کے عرصے کے لیے میزبان ممالک کا حتمی فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔
پی سی بی کے ایک باخبر ذریعے نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان 2032 سے 2035 کے درمیان ہونے والے کسی بھی ایسے بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی کے لیے بولی (بِڈ) جمع کرا سکتا ہے جس کے میزبان کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’یہ ایک باقاعدہ طریقہ کار ہے جس کے تحت خواہشمند ملک پہلے دلچسپی کا اظہار (ایکسپریشن آف انٹرسٹ) جمع کراتا ہے اور منظوری کی صورت میں آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کے لیے تکنیکی تجویز پیش کرتا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ نئے ایف ٹی پی کیلنڈر میں پاکستان کو کوئی میزبانی نہیں ملی، شاید وہ یہ نہیں جانتے کہ آئی سی سی بورڈ اپنے ایونٹس الاٹ کرنے کے لیے کس طرح کام کرتا ہے۔‘‘
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان میں منعقد ہوئی تھی، تاہم اس کی میزبانی کے لیے دلچسپی کا اظہار اور باضابطہ تجویز پی سی بی نے 2021 میں سابق چیئرمین رمیز راجہ کی سربراہی میں جمع کرائی تھی۔
اس صورتحال میں پی سی بی ملک میں اربوں روپے کی لاگت سے نئے اسٹیڈیمز کی تعمیر اور پرانے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا ایک بڑا منصوبہ چلا رہا ہے۔
حال ہی میں سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کا کام مکمل کرنے کے لیے 500 کروڑ روپے کا ٹھیکہ دیا گیا ہے، جبکہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے بھی اسلام آباد میں مارگلہ کی پہاڑیوں کے دامن میں ایک نیا اسٹیڈیم تعمیر کرنے کے لیے پی سی بی کو اربوں روپے کی لاگت کا تخمینہ دیا ہے۔
ایک اور ذریعے نے بتایا کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم اور فیصل آباد سمیت دیگر چھوٹے وینیوز پر بھی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔
پی سی بی نے 2025 کے اوائل میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اسٹیڈیمز کو تیار کرنے کی غرض سے 2024 میں تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کا عمل شروع کیا تھا۔
تاہم لاہور اور کراچی کے مرکزی ٹیسٹ وینیوز پر تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کا زیادہ تر کام نامکمل رہ گیا تھا، جس کے اب دوسرے مرحلے میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔
آئی سی سی نے 2028 کے مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو دی ہے جبکہ اکتوبر 2029 میں ہونے والی آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی بھارت کو الاٹ کی گئی ہے۔
2030 میں ہونے والے آئی سی سی مینز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی انگلینڈ، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کریں گے، جبکہ اکتوبر اور نومبر 2031 میں ہونے والے آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت اور بنگلہ دیش مشترکہ طور پر کریں گے۔