شاداب خان کی سلیکشن کے لیے کبھی سفارش نہیں کی، وہ شادی سے پہلے ہی نائب کپتان تھے: ثقلین مشتاق

image

پاکستان کے چیمپئن اسپنر ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ انہوں نے آج تک کبھی بھی اپنے داماد شاداب خان کی قومی اسکواڈ میں شمولیت کے لیے کسی سے بات کی ہے اور نہ ہی سفارش کی ہے۔

ایک انٹرویو میں ثقلین نے اس بات پر زور دیا کہ شاداب سے ان کے رشتے اور پاکستانی ٹیم میں ان کے انتخاب کے گرد گھومنے والی تمام قیاس آرائیوں اور تنازعات کے باوجود انہوں نے کبھی کسی بورڈ آفیشل یا سلیکٹر سے نہیں کہا اور نہ ہی شاداب کو منتخب کرانے کے لیے اپنے تعلقات استعمال کیے۔

ثقلین نے کہا کہ ’’آج کل سوشل میڈیا کا دور ہے اور ہر کوئی کرکٹ ایکسپرٹ بنا ہوا ہے۔ لیکن لوگ یہ بھول جاتے ہیں کہ جب شاداب کی میری بیٹی سے شادی ہوئی تو وہ پہلے ہی پاکستانی ٹیم کے نائب کپتان تھے۔‘‘

’’ہمیں بمشکل ہی ایک دوسرے سے ملنے کا موقع ملتا ہے کیونکہ میں برطانیہ میں رہتا ہوں اور وہ پاکستان میں ہوتے ہیں یا کرکٹ کی مصروفیات کے سلسلے میں سفر پر رہتے ہیں۔ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ شاداب کے انتخاب کے پیچھے میرا ہاتھ ہونے سے متعلق تمام اشارے بے بنیاد ہیں۔‘‘

ثقلین نے کہا کہ وہ خود ایک بین الاقوامی کرکٹر رہے ہیں اور اچھی طرح جانتے ہیں کہ کھیلوں میں کوئی بھی کھلاڑی یا ایتھلیٹ صرف اسی صورت میں کھیلنا جاری رکھ سکتا ہے جب وہ کارکردگی دکھا رہا ہو۔

’’اگر کوئی کھلاڑی معیار پر پورا نہ اترے تو وہ بین الاقوامی کرکٹ میں زیادہ دیر تک نہیں ٹک سکتا۔ ہاں، میں نے شاداب کے حق میں آواز ضرور اٹھائی ہے کیونکہ بطور کرکٹر اور کوچ میرا ماننا ہے کہ اگر انہیں درست طریقے سے استعمال کیا جائے اور ان کا کردار واضح کر دیا جائے تو وہ پاکستان کے لیے ایک انتہائی مؤثر کھلاڑی ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس میں کیا برائی ہے؟‘‘

انہوں نے ان شکایات کو بھی مسترد کر دیا کہ سسر ہونے کے ناطے میڈیا پر جا کر شاداب کی کارکردگی کی حمایت یا دفاع کرنا مفادات کے ٹکراؤ (کانفلکٹ آف انٹرسٹ) کے زمرے میں آتا ہے۔

’’بطور کرکٹ ایکسپرٹ میرے کام کا شاداب سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ میں ایک سابق کھلاڑی اور کوچ کی حیثیت سے ان کی کارکردگی کا غیر جانبدارانہ جائزہ لینے کی کوشش کرتا ہوں، نہ کہ ان کے سسر کی حیثیت سے۔ اور میں آپ کو بتا دوں کہ وہ بہت مضبوط کردار کے مالک ہیں اور ان تمام تنازعات کا ان پر کوئی خاص اثر نہیں ہوتا۔‘‘

ثقلین، جو ایک کوالیفائیڈ کوچ ہیں اور کئی بین الاقوامی ٹیموں کے ساتھ بطور اسپن کوچ کام کر چکے ہیں، پی سی بی چیئرمین رمیز راجہ کے دور میں پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ بھی رہے اور 2021 اور 2022 کے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ میں ٹیم کو سیمی فائنل اور فائنل تک لے گئے۔

سابق کھلاڑی نے رمیز راجہ کی جگہ نجم سیٹھی کے چیئرمین بننے کے فوراً بعد اپنے ساتھ کیے جانے والے سلوک پر مایوسی کا اظہار کیا۔

’’بغیر کسی وجہ کے ایک دن بورڈ کے ایک عہدیدار نے مجھ سے کہا کہ اب آپ کی خدمات کی مزید ضرورت نہیں ہے۔ میں سیٹھی صاحب سے بات کرنے کے لیے وقت لینے کی مسلسل کوشش کرتا رہا کیونکہ میں نہ صرف بطور ہیڈ کوچ بلکہ جونیئر کھلاڑیوں سمیت کسی بھی حیثیت میں پاکستان کرکٹ کی خدمت کرنے کا شدید خواہشمند تھا۔‘‘

’’مجھے یہ بتائے جانے کے بعد بھی کہ میں اب ہیڈ کوچ نہیں رہا، میں این سی اے (نیشنل کرکٹ اکیڈمی) میں ہی مقیم رہا کیونکہ میں چیئرمین کو قائل کرنا چاہتا تھا کہ مجھے پاکستان کرکٹ کے لیے کوچنگ سے محبت ہے اور میں کوئی بھی دوسری ذمہ داری نبھانے کو تیار ہوں۔ لیکن کوئی جواب نہ ملا اور ایک دن بورڈ کے ایک عہدیدار این سی اے آئے اور مجھ سے کہا کہ میں اپنا سامان باندھوں اور چلا جاؤں۔ اس بات سے مجھے بہت تکلیف پہنچی۔‘‘

ثقلین نے افسوس کا اظہار کیا کہ جب وہ ہیڈ کوچ تھے تو انہوں نے بابر اعظم کی کپتانی میں ٹیم کو متحد کرنے کی کوشش کی اور کئی حوالوں سے کامیاب بھی رہے۔ ’’ہم بہتری لا رہے تھے اور اچھا کھیل رہے تھے، لیکن میرے جانے کے بعد اور 2023 سے بورڈ کے ناقص پالیسی فیصلوں کی وجہ سے ٹیم میں بکھراؤ کا عمل شروع ہو گیا۔ ایک اچھی ٹیم کو نقصان پہنچایا گیا۔‘‘

سابق اسپنر، جنہوں نے ٹیسٹ اور ون ڈے میں 400 سے زائد وکٹیں حاصل کیں اور جنہیں ’’دوسرا‘‘ گیند متعارف کرانے کا سہرا دیا جاتا ہے، نے کہا کہ بعض اوقات انہیں احساس ہوتا ہے کہ پی سی بی میں سینئر کھلاڑیوں کو وہ اہمیت یا عزت نہیں دی جاتی جس کے وہ مستحق ہیں۔

’’پاکستان کرکٹ میں جب چیئرمین بدلتے ہیں تو پالیسیاں بدل جاتی ہیں، کوچز بدل جاتے ہیں، سلیکٹرز بدل جاتے ہیں اور یہ ہماری کرکٹ کے لیے اچھا نہیں ہے۔‘‘

ثقلین نے اس بات کی نشاندہی کی کہ بھارتی کرکٹ کے آگے بڑھنے کی ایک وجہ یہ ہے کہ انہوں نے اپنی کرکٹ پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھا ہے جو افراد کے بجائے ایک ادارے کی جانب سے بنائی اور منظور کی جاتی ہیں۔

این سی اے میں بطور کوچ طویل وقت گزارنے کے بعد انہوں نے کہا کہ ’’ان کے پاس بے پناہ ٹیلنٹ اور گہرائی ہے۔ لیکن میں پاکستان کرکٹ میں بھی بہت زیادہ ٹیلنٹ دیکھتا ہوں، مگر میرا خیال ہے کہ بعض اوقات کام کے لیے موزوں افراد کو آزادانہ اور درست طریقے سے کام کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔‘‘

ثقلین نے بولرز اور کپتان کے درمیان اچھے رابطے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ’’بولرز اس وقت بہترین کارکردگی دکھاتے ہیں جب وہ کپتان سے اپنے منصوبوں کے بارے میں کھل کر بات کر سکیں اور کپتان بھی دباؤ کے لمحات میں ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ان کی کامیابی کی ایک بڑی وجہ وہ طریقہ تھا جس طرح بطور کپتان وسیم اکرم نے انہیں سنبھالا اور پاکستان کو میچ جتوانے کی ان کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ کیا۔ ’’وسیم ہر میچ سے پہلے میچ میں میرا کردار بہت واضح طور پر طے کر دیتے تھے۔‘‘

انہوں نے ان تاثرات کو بھی مسترد کر دیا کہ بابر اعظم ایک مغرور کپتان تھے جو بورڈ کی جانب سے دیے گئے مکمل اختیارات کو سنبھال نہیں سکے۔ ’’میں نہیں جانتا کہ لوگ ایسا کیوں کہتے ہیں کیونکہ اگر کوئی کپتان مغرور ہو تو وہ سلیکٹرز، کوچز اور کھلاڑیوں کے تعاون کے بغیر کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ مجھے بابر کے ساتھ کام کرنے میں کبھی کوئی دشواری پیش نہیں آئی، وہ ٹیم کی حکمت عملی اور انتخاب سے متعلق تجاویز اور مشاورت کے لیے ہمیشہ تیار رہتے تھے۔‘‘


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US