پاکستانی بندرگاہ پر بھارتی عملے کے جعلی دستاویزات پکڑے گئے، شپنگ کمپنی کو 10 لاکھ روپے جرمانہ

image

ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہونے والے کنٹینر جہاز "ایگامیمنون 8" (AGAMEMNON 8) پر تعینات دو بھارتی شہریوں کے سفری اور سمندری دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران سنگین بے ضابطگیوں کا سراغ لگایا ہے۔

کارروائی کے دوران دونوں بھارتی عملے کے ارکان کے پاس لازمی سمندری دستاویزات اور درست فلیگ اسٹیٹ کی سی مین بک کی عدم موجودگی جبکہ غیر معیاری سی ڈی سی (CDC) دستاویزات کی نشاندہی کی گئی۔

دستاویزات میں بے ضابطگیوں کے حامل ان بھارتی شہریوں کی شناخت آتھلنگم کارتھیکیان اور ولیکّیٹل بابو سِزلے کے نام سے ہوئی، جن کے پاس بالترتیب بیلیز اور سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے جاری کردہ سی ڈی سی دستاویزات موجود تھے، جنہیں امیگریشن حکام نے قواعد پر پورا نہ اترنے کی بنیاد پر غیر تسلی بخش قرار دیا۔

اس سنگین خلاف ورزی پر ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ شپنگ کمپنی "ایم ایس سی پاکستان" کو شوکاز نوٹس جاری کیا۔ کمپنی کی جانب سے جمع کروایا گیا جواب غیر تسلی بخش قرار پانے پر دونوں بھارتی عملے کے ارکان کے حوالے سے فی کس 5 لاکھ روپے کے حساب سے مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔

اس کارروائی نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ پاکستانی بندرگاہوں پر غیر ملکی عملے کی دستاویزات کی جانچ پڑتال میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US